Live Updates

پاکستان نازک ترین صورتحال سے گزر رہا ،سیاسی ومعاشی لحاظ ،امن وامان کے حوالے سے غیر مستحکم ہے، مولانا عبدالحق ثانی

تمام سیاسی مذہبی جماعتوں کے قائدین ،دیگر ادارے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوکر ملک میں قیام امن اوردیگر شعبوں کو مضبوط کرنے کیلئے غور کریں، امیر جے یو آئی (س)

ہفتہ 26 جولائی 2025 21:10

پبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جولائی2025ء) جمعیت علمائے اسلام (س) پاکستان کے مرکزی امیر مولانا عبدالحق ثانی نے کہاکہ پاکستان اس وقت نازک ترین صورتحال سے گزر رہا ہے، پاکستان سیاسی لحاظ سے معاشی لحاظ سے ،امن وامان کے حوالے سے غیر مستحکم ہے، تمام سیاسی مذہبی جماعتوں کے قائدین اور دیگر ادارے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوکر ملک میں قیام امن اوردیگر شعبوں کو مضبوط کرنے کیلئے سرجوڑ کر غور کریں، بالخصوص خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں بدامنی کے لئے کوئی ٹھوس لائحہ عمل طے کریں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں جمعیت علمائے اسلام کی مرکزی مجلس عمومی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں چاروں صوبوں کے مجلس عمومی کے ارکان نے شرکت کی اور جمعیت علماء اسلام کو ملک بھر میں منظم اور فعال کرنے کے لئے تجاویز دیں ،اجلاس میں مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا سید محمد یوسف شاہ نے ایجنڈا پیش کیا۔

(جاری ہے)

اور حالات حاضرہ پر گفتگو کی، امیر مرکزیہ مولانا عبدالحق ثانی نے کہاکہ افغانستان اور پاکستان کے درمیان تعلقات کی بہتری خوش آئند ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ دونوں پڑوسی اور اسلامی ممالک کے درمیان قربت ہو، انہوں نے کہاکہ گستاخان ختم نبوت کے بارے میں اسلام آباد کے جج کے کمیشن بنانے کے فیصلہ کو معطل کرنا خوش آئند ہے، مولانا عبدالحق ثانی نے کہاکہ پٹرول ،گیس اور اشیائے خوردونوش میں روز بروز اضافوں کی وجہ سے عوام کی زندگی اجیرن کردی گئی ہے۔

عوام پہلے سے مہنگائی کی وجہ سے سراٹھانے کے قابل نہیں ،لہٰذا حکومت کو چاہیے کہ وہ آئی ایم ایف کے شکنجہ سے اپنے آپ کو نکال کر آزادانہ فیصلے کریں اور عوامی مسائل کو حل کریں۔انہوں نے سیاستدانوں کی آپس میں رسہ کشی پر افسوس کا اظہار کیا اور ملک کو غیر مستحکم کرنے کے ذمہ دار ٹھہرایا ،انہوں نے کہاکہ ہمارے اکابر اور بڑوں نے ہمیشہ طاغوتی قوتوں کا مقابلہ کیا ہے اور یہ ہمارے منشور کا حصہ ہے۔

شریعت کی جنگ ہمارے بڑوں نے لڑی ہے اور ہم اس ملک میں شریعت کے مقدس نظام کو نافذ کرنے کے لئے کوشاں ہیں، مولانا عبدالحق ثانی نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ جماعت کا پیغام گھر گھر تک پہنچائیں اور عوام کو، علمائ طلباء کو مولانا سمیع الحق شہید اور مولانا حامد الحق شہید کی دینی ،سیاسی ،سماجی اور علمی خدمات سے آگاہ کریں۔ اجلاس میں پرانے اور نئے دستور کا جائزہ لینے کے لئے مولانا عرفان الحق ،مولانا عبدالقدوس نقشبندی، مولانا عبدالصمد درخواستی، حافظ عبدالرافع، حافظ محمد فاروق، قاری سیف الرحمن ،سردار نسیم پر مشتمل ایک کمیٹی بنائی گئی جو دستور کو از سرنو مرتب کریں گے اور مجلس عاملہ اور مجلس عمومی سے اجازت اور منظوری کے بعد شائع کریں گے۔

سندھ کے ناراض اور خاموش ساتھیوں کے لئے مولانا اقبال اللہ ،مولانا حضرت ولی ہزاروی، مولانا سیف الرحمن پر مشتمل کمیٹی بنائی گئی جو ان سے رابطہ اور ان کے تحفظات کو دور کریں گے۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات