بھارتی فوج اور ایس او جی ترقی اور انعام کی لالچ میں کشمیری نوجوانوں کو قتل کر رہی ہیں

بھارتی حکومت کے سامراجی ہتھکنڈے کشمیری عوام کو آزادی کے مطالبے سے دستبردار نہیں کرسکتے،عزیراحمد غزالی

اتوار 27 جولائی 2025 15:15

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2025ء) جموں میں نہتے نوجوان پرویز احمد کی مظلومانہ شہادت کرناہ میں آزادی پسندوں کی زمینوں پر قبضے ، بھارتی حکومت کے سامراجی ہتھکنڈے کشمیری عوام کو آزادی کے مطالبے سے دستبردار نہیں کرسکتے۔ پاسبان حریت جموں کشمیر ۔مقبوضہ جموں میں بھارتی قابض فورسز کی جانب سے 22 سالہ نوجوان پرویز احمد کے بہیمانہ قتل کی شدید مزمت کرتے ہوئے چیئرمین پاسبان حریت عزیر احمد غزالی نے کہا ہے کہ بھارتی فوج اور ایس او جی ترقی اور انعام کی لالچ میں کشمیری نوجوانوں کو قتل کر رہی ہیں انکا کہنا تھا کہ پرویز احمد کی مظلومانہ شہادت پر پوری ریاست کے لوگ غمزدہ ہیں بلکہ خوف میں مبتلا ہوگئے ہیں انکا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی بھارتی قابضین جعلی انکاؤنٹرز میں سینکڑوں نوجوانوں کو قتل کر چکے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دلی سرکار کشمیر میں خوف ، دہشت اور بربریت کے ماحول کو قائم رکھ کر تحریک آزادی کشمیر کو کچلنے کی سازشوں میں مصروف ہے۔ انہوں نے حال ہی میں ضلع کپوارہ کی تحصیل کرناہ میں تین آزادی پسندوں قاضی محمد خوشحال ، منظور احمد شیخ اور عبدالحمید کی زمینوں کو ضبط کرنے کے اقدامات کو ایک شکست خوردہ قابض اور غاصب ملک کی جانب سے چوری قرار دیا ہے انکا کہنا تھا کہ کتنے افسوس اور حیرانگی کی بات ہے دلی کے اشاروں پر انتقامی کاروائیوں میں ملوث ایجنسی " این آئی اے " ایک متنازعہ ریاست میں مقامی شہریوں کی زمینیں ضبط کررہی ہے جائیدادوں پر قبضے کررہی ہے۔

عزیر غزالی کا کہنا تھا کہ جموں کشمیر میں بھارت کے تمام تر اقدامات کی کوئی قانونی اہمیت نہیں ایک جارح ملک کی فوج مقامی شہریوں کے حقوق پامال کرکے کبھی فاتح نہیں قرار پائی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام لاکھوں شہدائے کرام کی قربانیوں کی حفاظت کر رہے ہیں۔ آزادی ، حق خودارادیت اور حقیقی انصاف کے حصول تک جموں کشمیر کے عوام اپنی مزاحمت کو جاری رکھیں گے۔

غزالی نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں ایمنسٹی انٹرنیشنل ، ایشیاء واچ اور دیگر انجمنوں سے اپیل کی ہیکہ وہ جموں میں بھارتی قابض فورسز کے ہاتھوں قتل کیئے گئے کشمیری نوجوان پرویز احمد کے معاملے کی آزادانہ تحقیقات کروائیں انہوں نے کشمیر میں شہریوں کی زمینوں کو ضبط کرنے ، جائیدادوں کو مسمار کرنے کیخلاف عالمی اداروں سے پابندی کا مطالبہ کیا ہے۔