والدین کا عالمی دن منانے کا مقصد بچوں کو والدین کی قربانیوں کا احساس دلانا ہے، ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم

اتوار 27 جولائی 2025 16:10

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جولائی2025ء) پاکستان سمیت دنیا بھر میں 27 جولائی کو والدین کا عالمی دن منایا گیا ۔چیئرمین اکادمی ادبیات پروفیسر (ر) ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے والدین کے عالمی دن کے حوالے کہا کہ اس دن کے منانے کا مقصد بچوں کو والدین کی قربانیوں کا احساس دلانا ہے اور والدین کی جانب سے بچوں کو ایک صحت مند ماحول فراہم کرنے کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر بچوں پر ماں اور باپ کے علیحدہ علیحدہ حقوق کو یکجا کر کے ایک کردار واضع کیا گیا ہے اور اسی کے تناظر میں والدین کا عالمی دن منایا جاتا ہے جس میں ماں، باپ اور بچوں کے تعلقات، حقوق اور فرائض پر بحث کی جاتی ہے۔ ہارون الرشید تبسم نے کہا کہ اقوام متحدہ کے مطابق خاندان اور والدین بچے کی بہبود اور نشوونماء میں مرکزی کردار ادا کرتے ہیں، وہ بچوں کو شناخت، محبت، دیکھ بھال اور تحفظ کے ساتھ ساتھ معاشی تحفظ اور استحکام کا خیال بھی رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بچوں کے حقوق کو مدنظر رکھتے ہوئے بچوں کی پرورش میں والدین کی مدد کو قومی سماجی پالیسیوں اور سماجی سرمایہ کاری کے ایک اہم حصے کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے جس کا مقصد غربت کو کم کرنا، عدم مساوات کو کم کرنا اور والدین اور بچوں کی مثبت بہبود کو فروغ دینا ہے۔ ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے مزید کہا کہ والدین ایک عظیم نعمت ہیں جن کی قدر کرنا ہر اولاد کی ذمہ داری ہے۔ اسلام میں والدین کے حقوق کو بہت اہمیت دی گئی ہے اور ان کے ساتھ حسن سلوک کی تاکید کی گئی ہے۔ والدین کی اطاعت اور خدمت کو عبادت کا درجہ حاصل ہے اور ان کی خوشی میں ہی اللہ کی خوشی ہے لہذا والدین کی قدر کریں اور ہر ممکن خدمت کریں۔