ہیپاٹائٹس کے انسداد کیلئے وفاقی اور صوبائی سطح پر مربوط حکمتِ عملی اور عوامی شراکت داری کی اشد ضرورت ہے،چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی

اتوار 27 جولائی 2025 20:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جولائی2025ء) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ہیپاٹائٹس ایک خاموش مگر مہلک بیماری ہے، جس کی بروقت تشخیص اور مؤثر احتیاطی تدابیر ہی اس کے تدارک کا مؤثر ذریعہ ہیں۔ہیپاٹائٹس سے متعلق آگاہی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے جاری خصوصی پیغام میں یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان میں ہیپاٹائٹس بی اور سی کے مریضوں کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ ایک لمحۂ فکریہ ہے، جس کے انسداد کے لیے وفاقی اور صوبائی سطح پر مربوط حکمتِ عملی اور عوامی شراکت داری کی اشد ضرورت ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ایوان بالا عوامی فلاح کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے اور ہیپاٹائٹس جیسے خطرناک امراض کے خاتمے کے لیے نہ صرف قانون سازی بلکہ ایوان بالا کی متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کے ذریعے فعال نگرانی بھی یقینی بنائی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ناقص طبی سہولیات، غیر معیاری آلات اور لاعلمی اس موذی مرض کے پھیلاؤ کی بنیادی وجوہات ہیں، جن کا خاتمہ مؤثر پالیسی سازی اور بھرپور آگاہی مہمات سے ہی ممکن ہے۔

سید یوسف رضا گیلانی نے صحت کے شعبے سے وابستہ تمام اداروں، ڈاکٹروں، طبی عملے اور سماجی تنظیموں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کاوشیں ہیپاٹائٹس کے خلاف جدوجہد میں مرکزی حیثیت رکھتی ہیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی اور اپنے پیاروں کی صحت کے تحفظ کے لیے اسکریننگ کروائیں، حفاظتی ویکسین لگوائیں اور علاج معالجے میں غفلت سے گریز کریں۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ قومی یکجہتی، آگاہی اور موثر اقدامات کے ذریعے ہم جلد ہیپاٹائٹس سے پاک پاکستان کے ہدف کو حاصل کرلیں گے۔