گوادر، کھلے سمندر میں کشتی الٹنے سے 5 ماہی گیر ڈوب کر جاں بحق

بدقسمت ماہی گیروں کی کشتی کراچی سے روانہ ہوئی تھی اور گہرے پانیوں میں جا کر الٹ گئی، واقعے میں خوش قسمتی سے ایک ماہی گیر محفوظ رہا حادثے کے بعد 1 ماہی گیر کو ریسکیو کر لیا گیا، دو لاشیں کراچی منتقل کرکے ورثا کے حوالے کردی گئیں

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 28 جولائی 2025 11:44

گوادر، کھلے سمندر میں کشتی الٹنے سے 5 ماہی گیر ڈوب کر جاں بحق
 گوادر(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28جولائی 2025) گوادر میں ماہی گیروں کی کشتی الٹنے کے نتیجے میں 5 ماہی گیر ڈوب کر جاں بحق ہو گئے،واقعے میں خوش قسمتی سے ایک ماہی گیر محفوظ رہا حادثے کے بعد 1 ماہی گیر کو ریسکیو کر لیا گیا، دو لاشیں کراچی منتقل کرکے ورثا کے حوالے کردی گئیں، بدقسمت ماہی گیروں کی کشتی کراچی سے روانہ ہوئی تھی اور گہرے پانیوں میں جا کر الٹ گئی۔

ماہی گیروں کا تعلق کراچی کے علاقے ابراہیم حیدری، علی اکبر شاہ گوٹھ اور مچھر کالونی سے ہے۔کراچی سے تعلق رکھنے والے ماہی گیروں کی لانچ ڈوبنے کے واقعے میں لاپتہ 4 ماہی گیروں کی لاشیں کھلے سمندر سے مل گئیں جس کے بعد افسوسناک واقعے میں جاں بحق مچھیروں کی تعداد 5 ہوگئی۔گوادر کے قریب ہونے والے کشتی حادثے میں باپ بیٹا بھی شامل ہیں اور باپ ایوب کی لاش نکال لی گئی ہے جبکہ بیٹا ذیشان تاحال لاپتہ ہے۔

(جاری ہے)

مرنے والے ایک ماہی گیر ایوب کی لاش ہفتے کو مل گئی تھی جن کی نمازجنازہ اتوار کی دوپہر ادا کی گئی جبکہ تدفین مقامی قبرستان میں ہوگئی۔2 ماہی گیروں کی میتیں سہراب گوٹھ کراچی میں واقع ایدھی سردخانے منتقل کردی گئی ہیں جنہیں مچھر کالونی لے جایا جائے گا جبکہ 2 میتیں ابراہیم حیدر منتقل کی جارہی ہیں۔پاکستان فشر فوک فورم کے میڈیا کوآرڈینیٹر کمال شاہ کے مطابق کشتی میں 6 ماہی گیر سوار تھے۔

جن میں سے پانچ انتقال کرگئے۔حادثے میں جاں بحق ہونے والا ایک ماہی گیر ابراہیم حیدری کے علی اکبر شاہ گوٹھ کا رہائشی تھا جسے اتوار کو بعد نماز ظہر سپرد خاک کر دیا گیا تھا۔ماہی گیر ایوب کی تدفین میں اہل علاقہ، سیاسی و سماجی رہنما، اور فشر کمیونٹی کے افراد شریک ہوئے، پاکستان فشر فوک فورم کے چیئرمین مہران علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماہی گیر وہ طبقہ ہے جو سمندر میں جا کر بچوں کا پیٹ پالتا ہے۔

لیکن جب وہ نہ جا سکیں تو بھوک، غربت اور محرومی ان کا مقدر بن جاتی ہے۔خیال رہے کہ چند عرصہ قبل بھی کیٹی بندر میں گاؤں مصری پارھیڑی کے ماہی گیروں کی کشتی سمندر میں ڈوب گئی جس کے باعث ایک ماہی گیر جاں بحق ہوگیا تھا۔ پولیس کے مطابق پانچ افراد میں سے ایک ماہی گیر محمد انیس کی لاش نکال لی گئی اور ایک کو بے ہوشی کی حالت میں نکال لیا گیا تھا۔لاش اور بے ہوش شخص کوہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔