خواتین یونیورسٹی کی 500 طالبات گوگل سرٹیفکیشن پروگرام میں رجسٹرڈ

پیر 28 جولائی 2025 17:23

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2025ء) خواتین یونیورسٹی کی 500طالبات گوگل سرٹیفکیشن پروگرام میں رجسٹرڈ ہوگئیں،ترجمان کے مطابق خواتین یونیورسٹی ملتان پاکستان کی پہلی یونیورسٹی بن گئی، جس کی 5سوطالبات گوگل سرٹیفکیشن پروگرام سے رجسٹرڈ ہوگئیں ۔یہ تاریخی سنگ میل ہے۔ جواس یونیورسٹی کی طالبات کو ترقی کی نئی راہ پرگامز ن کرے گا ۔

اس پروگرام کا مقصدطالبات عالمی سطح پر تسلیم شدہ ڈیجیٹل مہارتوں اور پیشہ ورانہ سرٹیفی کیشنز سے آراستہ کرنا ہے۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کہا ہے کہ یہ تاریخی کامیابی یونیورسٹی کی تعلیمی جدت اور ڈیجیٹل تیاری کے لیے ثابت قدمی کی عکاسی کرتی ہے۔ یہ اقدام ڈیجیٹل طور پر جامع علمی معیشت کے پاکستان کے قومی وژن کے ساتھ ہم آہنگ ہے، خواتین یونیورسٹی پاکستان کی ترقی میں شامل ہونے کےلئے سب سے آگے ہے ۔

(جاری ہے)

اس پروگرام کا مقصد ڈیجیٹل دنیا میں صنفی تقسیم کو ختم کرنا ہے اور پاکستان بھر کی خواتین کو ڈیمانڈ ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے۔خواتین یونیورسٹی ملتان نے اس مقصد میں اپنا حصہ بھرپور انداز میں شامل کیا یونیورسٹی ڈیجیٹل خواندگی، پیشہ ورانہ ترقی، اور تعلیم میں صنفی مساوات کو فروغ دینے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔ طالبات کی مہارتوں کو نکھانے کےلئے ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب، گوگل اور ٹیک ویلی پاکستان کے شکر گزار ہیں ،جنہوںنے خواتین یونیورسٹی کی انتظامیہ پر اعتماد کیا ۔

یونیورسٹی میں گوگل کیرئیر سرٹیفکیٹ اسکالرشپ پروگرام کی فوکل پرسن ڈاکٹر خدیجہ کنول کا کہنا ہے کہ خواتین یونیورسٹی انتظامیہ نے ایسی طالبات کو جو اپنے کیریئر کے امکانات کو بڑھانے اور پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت میں بامعنی حصہ ڈالنے کی خواہاں ہیں ان کو ایک بڑا پلیٹ فارم مہیا کیا ۔اس پورے عمل میں یونیورسٹی کےلئے تمام وسائل کو متحرک کرتے ہو ئے طالبات کی رہنمائی کی ۔جس سے سینکڑوںطالبات کو عالمی افق پر چمکنے کا موقع ملا۔ گوگل کیرئیرسرٹیفکیٹ اسکالرشپ پروگرام گوگل کے تعاون سے پیش کیا جاتا ہےاوریہ ٹیک ویلی پاکستان کی سر پر ستی میں ایک وسیع تر سٹریٹجک اقدام ہے ۔ ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے تعاون سے لاگو کیا جاتا ہے۔