پی ڈی پی کی جدوجہد آئین، پرچم اور خصوصی حیثیت کے لیے ہے، التجا مفتی

پیر 28 جولائی 2025 17:27

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2025ء) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی رہنما التجا مفتی نے کہاہے کہ ہماری جدوجہدریاستی حیثیت کے لیے نہیں بلکہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت، آئین اور پرچم کے لیے ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق التجا مفتی نے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے 26ویں یوم تاسیس کے موقع پر سرینگر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جموں و کشمیر کے سیاسی مستقبل کے بارے میں پارٹی کے موقف کی وضاحت کی۔

انہوں نے کہاکہ پی ڈی پی 5اگست 2019کے واقعات کے بعد سے اپنے اس موقف پر قائم ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی مقبوضہ جموں وکشمیرکی تاریخ کے سب سے مشکل ترین ادوار میں سے ایک دور میں ابھری ہے اور آج کے مشکل حالات میں بھی اپنا کرداراداکررہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ یہ دن ہمیں ''وقار کے ساتھ امن اور لوگوں کے زخموں پر مرہم'' کے مفتی محمد سعید اور محبوبہ مفتی کے وژن کی یاد دلاتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ یہ وژن اب پہلے سے کہیں زیادہ اہمیت اختیار کرگیاہے۔ انہوں نے دیگرسیاسی جماعتوں کو پیغام دیتے ہوئے کہاکہ جب آپ صرف ریاستی حیثیت کی بات کرتے ہیں تو آپ اصل مسئلے کو کمزور کر دیتے ہیں۔ میں کانگریس اور نیشنل کانفرنس سمیت تمام جماعتوں سے اپیل کرتی ہوں کہ وہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی بحالی کے لیے ایک ساتھ کھڑے ہوں۔انہوں نے کہاکہ جنگ کبھی مسئلے کا حل نہیں ہوتابلکہ بات چیت، مفاہمت اور مذاکرات سے ہی مسئلے کو حل کیاجاسکتا ہے۔