الخدمت ڈائیگناسٹک سنٹر ملتان میں ہیپاٹائٹس کے عالمی دن کے موقع پر مفت سکریننگ کیمپ اور آگہی واک کا انعقاد

پیر 28 جولائی 2025 18:59

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2025ء) الخدمت ڈائیگناسٹک سنٹر ملتان میں ہیپاٹائٹس کے عالمی دن کے موقع پر مفت سکریننگ کیمپ اور آگہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ کیمپ کا افتتاح ڈاکٹر گوہر علی ارشد نے کیا جبکہ ڈائریکٹر ڈائیگناسٹک سنٹر ڈاکٹر سرور چوہدری، ڈاکٹر مجتبیٰ خانزادہ، ڈاکٹر ذیشان خان، اور ڈاکٹر مسعود انصاری سمیت دیگر ماہرین صحت نے شرکت کی۔

کیمپ کا مقصد ہیپاٹائٹس کے حوالے سے آگاہی دینا، مفت ٹیسٹنگ کی سہولت فراہم کرنا اور عوام میں بیماری سے متعلق شعور اجاگر کرنا تھا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر گوہر علی ارشد نے کہا کہ پاکستان میں ہر 12واں فرد ہیپاٹائٹس بی یا سی جیسے مہلک مرض کا شکار ہے۔جنوبی پنجاب خاص طور پر اس بیماری سے متاثر ہے جس کی بنیادی وجہ غیر معیاری طبی سہولیات اور آلودہ سرنجوں کا استعمال ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر سرور چوہدری نے کہا کہ الخدمت ڈائیگناسٹک سنٹر ہر سال ہیپاٹائٹس کے عالمی دن پر خصوصی کیمپس کا انعقاد کرتا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کی تشخیص ہو سکے اور فوری علاج ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ صرف ملتان ہی نہیں بلکہ پورے جنوبی پنجاب میں ہیپاٹائٹس کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور اس کے تدارک کے لیے حکومتی سطح پر مسلسل اور منظم اقدامات کی ضرورت ہے۔بعد ازاں آگاہی واک کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ہیپاٹائٹس سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر درج تھیں۔