ڈپٹی کمشنر سرگودھا کی زیر صدارت محکمہ صحت کا اجلاس، سرویکل کینسر مہم چلانے کی ہدایت

پیر 28 جولائی 2025 20:57

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر سرگودھا کیپٹن (ر) محمد وسیم کی زیر صدارت محکمہ صحت کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سارہ صفدر ، ڈی ایچ او ڈاکٹر شہزاد حسین گل ، ڈسٹرکٹ سرویلینس کوآرڈینیٹر ڈاکٹر طارق حسن کے علاوہ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز، عالمی ادارہ صحت کے نمائندگان ڈاکٹر عادل سلیم اور ڈاکٹر نازش، سی او ایجوکیشن کلثوم منشا ،پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن، ریسکیو 1122 اور پولیس سمیت دیگر متعلقہ اداروں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کو آگاہ کیا کہ پنجاب حکومت اور عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے سرویکل کینسر سے بچاؤ کی ویکسی نیشن مہم 15 سے 27 ستمبر تک صوبہ پنجاب، سندھ، آزاد کشمیر اور اسلام آباد میں چلائی جائے گی۔ اس مہم کے دوران 9 سے 14 سال کی بچیوں کو ویکسین لگائی جائے گی۔ اجلا س میں بتایا گیا کہ یہ ویکسین سعودی عرب سمیت 146 ممالک میں کامیابی سے لگائی جا رہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ مہم کے لیے تمام تیاری مقررہ وقت میں مکمل کی جائے۔ محکمہ تعلیم کو تمام سکولز میں آگاہی مہم چلانے اور واٹس ایپ گروپس کے ذریعے درست معلومات شیئر کرنے کی ہدایت دی گئی۔