پاکستان پیپلز پارٹی راولپنڈی مینارٹی ونگ کے زیر اہتمام صدرمملکت آصف علی زرداری کی سالگرہ کی مناسبت سے تقریب

پیر 28 جولائی 2025 22:05

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی راولپنڈی مینارٹی ونگ کے زیر اہتمام صدر مملکت آصف علی زرداری کی 70ویں سالگرہ کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی مہمان خصوصی رکن قومی اسمبلی و سابق ڈپٹی سپیکر سندھ اسمبلی سیدہ شہلا رضا نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے 18ویں آئینی ترمیم کے ذریعے 1973ء کے آئین کو اصل شکل میں بحال کیا اور صوبوں کو خودمختاری دے کر ایک مضبوط وفاق کی بنیاد رکھی۔

(جاری ہے)

تقریب سے پیپلز پارٹی پنجاب کے نائب صدر ملک خالد نواز بوبی، بنارس چوہدری، راجہ ظہیر، ملک قاسم، چوہدری ناصر قیوم، سعدیہ عباسی اور دیگر رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے صدر آصف علی زرداری کی جمہوریت کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کی سیاست میں استقامت اور مفاہمت کی علامت ہیں۔ تقریب میں کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے صدر زرداری کی سالگرہ کا کیک کاٹا اور ان کی سیاسی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔