ڈپٹی کمشنر حیدرآباد کی زیر صدارت اجلاس، جشنِ آزادی و معرکہ حق تقریبات کیلئے جامع پلان تیار

پیر 28 جولائی 2025 22:00

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2025ء) 14 اگست 2025 کے جشنِ آزادی اور معرکہ حق کی تیاریوں کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن کی صدارت شہباز بلڈنگ کے شہباز ہال میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چاروں تعلقوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، میونسپل کمشنر، ڈسٹرکٹ پولیس، حیسکو، ڈی ایچ او، مقامی کالجز، اسکولز، تاجر برادری اور دیگر اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران متعلقہ محکموں کے افسران نے ڈپٹی کمشنر کو جشنِ آزادی اور معرکہ حق کے تحت ہونے والی تقریبات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر زین العابدین میمن نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی خصوصی ہدایت پر رواں سال یومِ آزادی کو تاریخی انداز میں منانے کیلئے جامع پلان مرتب کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ یکم سے 14 اگست تک شہر بھر میں مختلف تقریبات کا انعقاد ہوگا جن میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو شامل کیا گیا ہے۔

1 تا 3 اگست سکولز، کالجز اور یونیورسٹیوں میں سیمینارز، تقاریر و ریلیاں، 4 اگست یومِ شہداء کی تقریبات، 5 اگست یومِ استحصال کشمیر، 11 بجے بڑی ریلی، بھارتی مظالم کی مذمت، خصوصی ویڈیوز کی سوشل میڈیا پر اشاعت، 6 اگست اسکاؤٹس ریلی، 12 اگست رانی باغ میں فیملی فیسٹیول، 13 اگست رانی باغ میں گرینڈ فائرورکس شوکا انعقاد شامل ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام اداروں کو ہدایت دی کہ شہر کو قومی پرچم، برقی قمقموں، جھنڈیوں اور قومی رنگوں سے سجا کر جشن آزادی کو بھرپور انداز میں منایا جائے۔

تاریخی عمارات جیسے پکہ قلعہ، مکھی ہاس، بسنت ہال اور سندھ میوزیم کو خصوصی طور پر سجانے کی ہدایت جاری کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ صفائی و ستھرائی کے معاملے پر یکم سے 14 اگست تک کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا اور ہر ادارہ اپنی ذمہ داریاں بروقت ادا کرے۔ سرکاری گاڑیوں پر قومی پرچم لہرانا لازم ہوگا جبکہ نجی اداروں کو بھی جشن کی سرگرمیوں میں شمولیت کی ترغیب دی گئی ہے۔

اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ جشن آزادی کے سلسلے میں ایک واٹس ایپ گروپ تشکیل دیا جا رہا ہے، جس میں تمام ادارے اپنی تقریبات کا شیڈول اے ڈی سی-II کے ساتھ شیئر کریں گے اور قومی جذبے کے تحت جشنِ آزادی 2025 کو یادگار بنایا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر زین العابدین میمن نے تاجر برادری، چیمبر آف کامرس اور کارپوریٹ سیکٹر سے اپیل کی کہ وہ جشن آزادی اور معرکہ حق کی تقریبات میں بھرپور شرکت اور تعاون کریں تاکہ حب الوطنی کا پیغام ہر فرد تک پہنچایا جا سکے۔