سندھ کی 52 خالی بلدیاتی نشستوں پر ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری

پولنگ 24 ستمبر کو ہوگی، کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا مرحلہ 21 تا 23 اگست تک جاری رہے گا، امیدواروں کی ابتدائی فہرست 25 اگست کو جاری کی جائے گی

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 29 جولائی 2025 14:00

سندھ کی 52 خالی بلدیاتی نشستوں پر ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری
کراچی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29جولائی 2025) الیکشن کمیشن نے سندھ کی 52 خالی بلدیاتی نشستوں پر ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا ، پولنگ 24 ستمبر کو ہوگی، کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا مرحلہ 21 تا 23 اگست تک جاری رہے گا، ترجمان الیکشن کمیشن سندھ کے مطابق شکارپور، کشمور، گھوٹکی، سکھر، نوشہرو فیروز، حیدر آباد، جامشورو، مٹیاری سمیت کراچی غربی، کیماڑی اور کراچی شرقی میں انتخابات کا انعقاد 24 ستمبر کو ہوگا۔

ترجمان کے مطابق کراچی کے 3 اضلاع کی 5 بلدیاتی نشستوں پر ضمنی انتخابات ہوں گے۔ ٹی ایم سی سہراب گوٹھ کی یو سی 8 میں وائس چیئرمین کی نشست، ٹی ایم سی منگھو پیر یو سی 10 میں وائس چیئرمین کی نشست اور ٹی ایم سی اورنگی کی یوسی نمبر 1 اور 7 پر چیئرمین، جنرل ممبر کی نشست پر ضمنی انتخاب ہوں گے جبکہ میونسپل کارپوریشن بلدیہ کی یو سی 8 میں وائس چیئرمین کی نشست پر انتخاب ہوگا۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا مرحلہ 21 تا 23 اگست تک جاری رہے گا۔ امیدواروں کی ابتدائی فہرست 25 اگست کو جاری کی جائے گی۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 26 تا 28 اگست ہوگی۔ کاغذات نامزدگی 8 ستمبر تک واپس لئے جاسکتے ہیں۔ترجمان الیکشن کمیشن سندھ کے مطابق 9 ستمبر 2025 کو امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے، الیکشن کمیشن نے ضمنی بلدیاتی انتخابات کیلئے ریٹرننگ افسران (آر اوز) اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران (ڈی آر اوز) کی تقرری کر دی ہے۔

اسی طرح ضلع شرقی، غربی اور کیماڑی کے ڈپٹی کمشنرز ڈی آر اوز کے فرائض انجام دیں گے۔ضلع غربی ٹی ایم سی منگھو پیر یوسی 10 میں وائس چیئرمین کی نشست پر بھی انتخاب ہوگا۔ ٹی ایم سی اورنگی کی یوسی نمبر ایک اور 7 پر چیئرمین اور جنرل ممبر کی نشست پر ضمنی انتخابات ہوں گے۔ضلع کیماڑی ٹاؤن میونسپل کارپوریشن بلدیہ کی یوسی 8 میں وائس چیئرمین کی نشست پر انتخاب ہوگا۔ضمنی انتخابات کے حلقوں میں وفاق و صوبائی انتظامیہ پر ترقیاتی منصوبوں کے اعلان اور سرکاری وسائل کے استعمال پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ضمنی بلدیاتی انتخابات کے انعقاد تک انتخابی حلقوں میں تمام سرکاری افسران کے تبادلوں اور تعیناتی پر پابندی ہوگی۔