سردار ایاز صادق کی چین کی نیشنل پیپلز کانگریس کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین ژاؤ لیجی سے ملاقات

دونوں رہنماؤں کا سی پیک کے فریم ورک کے تحت پارلیمانی تعاون اور عوامی سطح پر روابط کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق

منگل 29 جولائی 2025 23:02

سردار ایاز صادق کی چین کی نیشنل پیپلز کانگریس کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے ..
جنیوا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2025ء)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے چھٹی عالمی اسپیکرز کانفرنس کے موقع پر چین کی نیشنل پیپلز کانگریس کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین، ژاؤ لیجی سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات جنیوا میں انٹر پارلیمنٹری یونین (IPU) کے زیراہتمام منعقدہ عالمی اسپیکرز کانفرنس کے موقع پر ہوئی۔جنیوا میں منعقد ہونے والی چھٹی بین الاقوامی اسپیکرز کانفرنس (29 تا 31 جولائی 2025) جاری رہے گی۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاک-چین سدا بہار دوستی، پارلیمانی تعلقات، اقتصادی اشتراک، اور عالمی و علاقائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے پاک-چین دوستی کو مثالی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو چین کے ساتھ اپنی سدا بہار شراکت داری پر فخر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے مابین قریبی روابط کو قابل فخر قرار دیتے ہوئے چیئرمین ڑاؤ لیجی کے کردار کی تعریف کی۔

اسپیکر سردار ایاز صادق نے دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی سطح پر تعاون اور پارلیمانی دوستی گروپس کے مثبت کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کے مابین دفاع، تجارت، سرمایہ کاری اور دیگر اقتصادی شعبہ جات میں قریبی تعاون موجود ہے، جسے مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔دونوں رہنماؤں نے سی پیک (چائنا-پاکستان اکنامک کوریڈور) کی بروقت تکمیل کے لیے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے زور دیا کہ پاکستان چین کے ساتھ صنعت، زراعت، آئی ٹی، گرین انرجی اور مائننگ سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے۔اس موقع پر علاقائی اور عالمی صورتحال خصوصاً فلسطین میں انسانی بحران پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے تنازعات کا پرامن اور دیرپا حل ناگزیر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی امن و ترقی کے لیے پارلیمانی سفارتکاری کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔دونوں رہنماؤں نے سی پیک کے فریم ورک کے تحت پارلیمانی تعاون اور عوامی سطح پر روابط کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔