قازقستان کے سفیر کی فیصل کریم کنڈی سے ملاقات،تعلیم، کھیلوں کے فروغ اور تجارتی تعاون پر تفصیلی گفتگو

منگل 29 جولائی 2025 21:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2025ء)قازقستان کے سفیر یرذہان کستافن نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور خصوصاً تعلیم، کھیلوں کے فروغ اور تجارتی تعاون پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ سفیر نے پاکستان میں اپنے قیام کو ایک یادگار اور کامیاب تجربہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں پاکستان میں مخلص دوست ملے، جن میں گورنر خیبرپختونخوا جیسے قائدین نمایاں ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ قازقستان اور پاکستان کے درمیان تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے کنسورشیم قائم کیا گیا ہے، جس کے تحت اربوں روپے کے منصوبوں میں سرمایہ کاری جاری ہے۔سفیر نے آگاہ کیا کہ قازقستان-پاکستان دوستی سپورٹس سنٹر اسلام آباد میں قائم کیا جا رہا ہے، جبکہ مستقبل قریب میں پشاور میں بھی سپورٹس سنٹر قائم کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

قازقستان میں کبڈی کے کھیل کو پاکستان کے تعاون سے متعارف کرایا گیا، جو دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی روابط کی ایک عمدہ مثال ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ان اقدامات کو سراہا انہوں نے کہا کہ نومبر میں قازقستان کے صدر کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید تقویت ملے گی انہوں نے قازقستان کی جانب سے تعلیم، کھیل اور تجارت کے شعبوں میں تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک اسلامی نظریہ، بھائی چارے اور محبت کے اٹوٹ رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس بین الاقوامی تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ایسے اقدامات کو مکمل تعاون فراہم کرے گا انہوں نے کہا کہ کبڈی، نیزہ بازی، والی بال اور فٹبال خیبرپختونخوا اور خاص طور پر ڈیرہ اسماعیل خان میں انتہائی مقبول کھیل ہیں، اور ان میں باہمی تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نسٹ میں "سینٹر فار سائنس اینڈ ٹیکنالوجی"، قائداعظم یونیورسٹی میں "سینٹر آف آرٹیفیشل انٹیلیجنس" اور اسلامک انٹرنیشنل یونیورسٹی میں تحقیقی مرکز کے قیام کے حوالہ سے قازقستان کا کردار لائق ستائش ہے جو دونوں ممالک کے علمی و سائنسی روابط کو مزید مستحکم کریں گے۔