ایشیاء کپ میں پاک بھارت ٹاکرے کا معاملہ، مودی سرکار کا مؤقف سامنے آگیا

ایشیا کپ 9 ستمبر سے یو اے ای میں شروع ہو گا جب کہ پاک بھارت پہلا گروپ میچ 14 ستمبر کو ہوگا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 30 جولائی 2025 11:20

ایشیاء کپ میں پاک بھارت ٹاکرے کا معاملہ، مودی سرکار کا مؤقف سامنے آگیا
نئی دہلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 30 جولائی 2025ء ) بھارتی حکومت کا ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاک بھارت ٹاکرے کے معاملے پر مؤقف سامنے آگیا۔ 
انڈین میڈیا کے مطابق بھارتی حکومت کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ میں پاکستان کے خلاف کھیلنے کا فیصلہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے کرنا ہے۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی وزارت کھیل نے ایشیا کپ پر تمام تر فیصلوں کا ذمہ دار بھارتی کرکٹ بورڈ کو ٹھہرایا ہے۔

 
ذرائع بھارتی وزارت کھیل کے مطابق ابھی تک بی سی سی آئی وزارت کھیل کے ماتحت نہیں ہے، نیشنل اسپورٹس گورننس بل ابھی پاس نہیں ہوا۔ 
ذرائع بھارتی وزارت کھیل کا کہنا ہے کہ مجوزہ نیشنل اسپورٹس بل میں بھارتی بورڈ بھی شامل ہے، بل کے تحت وزارت کھیل بھارتی ٹیم یا ایتھلیٹس کوغیر معمولی حالات میں بین الاقوامی ایونٹس میں شرکت سے روک سکتی ہے۔

(جاری ہے)

 
خیال رہے کہ ہفتے کو ایشیا کپ کے شیڈول کا اعلان کیا گیا تھا۔ پاکستان، بھارت، یو اے ای اور عمان کو گروپ اے میں شامل کیاگیا ہے جبکہ بنگلا دیش، سری لنکا، افغانستان اور ہانگ کانگ گروپ بی میں شامل ہیں۔ 
ایشیا کپ 9 ستمبر سے یو اے ای میں شروع ہو گا جب کہ پاک بھارت پہلا گروپ میچ 14 ستمبر کو ہوگا۔ شیڈول کے اعلان کے بعد بھارتی میڈیا نے اپنے بورڈ اور حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔
ورلڈ چیمپئنز لیگ کی طرح ایشیاء کپ میں بھی پاکستان کے خلاف میچ کا بائیکاٹ کرنےکا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ سابق بھارتی کھلاڑیوں کی جانب سے بھی پاکستان کے خلاف کھیلنے کے فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔