مہاجرین 1989ء کے مطالبات کو پوری قوت کے ساتھ اٹھایا جائے گا،اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق احمد

بدھ 30 جولائی 2025 17:22

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2025ء)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی راہنما اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق احمد نے مہاجرین 1989ء کی جانب سے اپنے جائز مطالبات حکومت آزادکشمیر کی جانب سے پورا نہ کرنے پر احتجاج کی کال کے حوالے سے وزیراعظم انوارالحق کو یاد دلایا ہے کہ آپ نے ہی اسمبلی کے فلور پر یہ اعلان کیا تھا کہ اگر تحریک آزادی کشمیر کے لیے مجھے اپنا ترقیاتی بجٹ بھی خرچ کرنا پڑا تو ایک لمحہ کی دیر نہ کروں گا،تو کیا یہ مہاجرین 1989ء تحریک آزادی کشمیر کی خاطر اپنا سب کچھ قربان کر کے نہیں آئے،کیا انہوں نے تحریک کی خاطر قربانیاں نہیں دیں،اپنے عزیز وں کی سینکڑوں شہادتیں نہیں کروائیں،آج جس حالت میں ہم نے انہیں رکھا ہوا ہے کیا وہ کسی بھی لحاظ سے درست ہے۔

(جاری ہے)

خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ یہ اسمبلی کے آمدہ اجلاس میں مہاجرین 1989ء کے مطالبات کو پوری قوت کے ساتھ اٹھایا جائے گا،وزیراعظم کو چاہیے کہ اپنے ہی اعلان کے مطابق مہاجرین 1989ء کے مطالبات پورے کریں،موجودہ حکومت کی عادت بن چکی ہے کہ جب تک ہڑتال نہ کی جائے ،دھرنے نہ دیئے جائیں تب تک کوئی بھی عوامی مطالبہ پورا نہیں کیا جاتا،حکومت کو چاہیے کہ وہ مہاجرین 1989ء کی ڈیڈلائن پوری ہونے سے قبل ان کے مطالبات پورے کیے جائیں تاکہ حالات مزید بگڑنے نہ پائیں۔