سردار ابراہیم خان کی قربانیاں کشمیری عوام کیلئے تاریخ کا سنہرا باب ہیں، سردار عتیق

بدھ 30 جولائی 2025 18:58

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2025ء)آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے صدر و سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کشمیریوں کے محسن تھے۔ کشمیری عوام کے لیے اُن کی قربانیان تاریخ کا سنہرا باب ہیں۔ تحریک آزاد ی کشمیر اور تکمیل پاکستان کے لیے اُن کی خدمات تاریخ کا حصہ ہیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

انھوں نے ان خیالات کا اظہارغازی ملت کی 22ویں برسی کے موقع پر اپنے ایک خصوصی پیغام میں کیا۔ صدر مسلم کانفرنس نے کہا کہ قرارداد الحاق پاکستان جس سے کشمیریوں کی منزل کا تعین ہوا وہ غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کے گھر پر منعقدہ مسلم کانفرنس کے جنرل کونسل کے اجلاس میں منظور ہوئی۔

(جاری ہے)

غازی ملت بے شمار صفات کے مالک تھے تاہم مملکت پاکستان کے ساتھ اُن کی گہری دلچسپی اور وابستگی کے علاوہ کشمیری عوام کے ساتھ بے لوث اور والہانہ محبت میں اپنی مثال آپ تھے۔

وہ ہمیشہ کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی بات کرتے تھے۔ غازی ملت 24 اکتوبر 1947 کو آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے پہلے صدر مقرر ہوئے۔انھوں نے اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی فورمز پر کشمیریوں کا موقف بھرپور اور بہترین انداز میں پیش کیا۔ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں اُن کی سفارت کاری کلیدی رہی ہے۔سردار محمد ابراہیم خان نہ صرف ایک مخلص سیاستدان تھے بلکہ ایک بصیرت مند رہنماء بھی تھے اُن کی خدمات تحریک آزادی کشمیر کا سنہرا باب ہیں۔

19 جولائی 1947 کو سردار محمد ابراہیم خانؒ کی رہنمائی میں ان کی رہائش گاہ سرینگر میں الحاق پاکستان کی تاریخی قرارداد منظور ہوئی، جس نے ریاست جموں و کشمیر کے عوام کے مستقبل کا تعین کیا۔ یہ قرارداد آج بھی کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کا بنیادی ستون ہے۔سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ غازی ملت نے نہ صرف تحریک آزادی کا آغاز کیا بلکہ آزاد کشمیر کے پہلے صدر کی حیثیت سے ریاستی اداروں کی بنیاد رکھی۔

ان کی سیاسی سوجھ بوجھ، عوامی حمایت اور ویژن نے آزاد خطے کو ایک مستحکم اور مؤثر نظام حکومت دیا، جو آج بھی قائم ہے۔انہوں نے کہا کہ سردار محمد ابراہیم خانؒ کی قربانیاں اور جدوجہد ہمارے لیے مشعل راہ ہیں۔ وہ اصولوں کے پابند، ایمان دار، اور نظریاتی لیڈر تھے۔ انہوں نے کبھی بھی اقتدار کو ذاتی مفاد کے لیے استعمال نہیں کیا بلکہ ہمیشہ قوم و ملت کی فلاح کو مقدم رکھا۔

صدر مسلم کانفرنس نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ غازی ملت کی حیات و خدمات کا مطالعہ کریں، ان کے مشن کو سمجھیں اور تحریک آزادی کشمیر کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے فعال کردار ادا کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ غازی ملت کا خواب ایک مکمل اور خودمختار ریاست جموں و کشمیر تھا، جس کا الحاق پاکستان کے ساتھ ہو۔ آج بھی کشمیری عوام انہی بنیادوں پر اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں اور انشااللہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری قوم اپنی منزل حاصل کرے گی۔