حکومت مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتی ہے، بلوچ قافلے کے شرکا کے مطالبات ہمارے دل کے قریب ہیں، طویل مذاکرات کے بعد کامیابی حاصل ہوئی۔سینئر صوبائی وزیرمریم اورنگزیب

بدھ 30 جولائی 2025 21:51

حکومت مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتی ہے، بلوچ قافلے کے شرکا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2025ء) سینئر صو با ئی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتی ہے،بلوچ قافلے کے شرکا ءکے مطالبات ہمارے دل کے قریب ہیں،دو دن کے طویل مذاکرات کے بعد کامیابی حاصل ہوئی۔ان خیا لا ت کا اظہار انہوں نے بد ھ کو یہاں منصورہ میں نا ئب امیر جماعت ا سلامی لیا قت بلو چ کے ہمراہ مشترکہ پر یس کانفرنس سے خطا ب کر تے ہو ئے کیا۔

سینئر صو با ئی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلی پنجا ب مریم نواز شریف کی جانب سے ہدایت کی گئی تھی کہ مولانا ہدایت الرحمن اور بلوچ بھائیوں کا پورا خیال رکھا جائے، بلوچستان سے قافلے میں شریک جو ہمارے بلوچی بھائی پنجاب آئے ہیں ان کی پوری طرح مہمان نوازی کی جائے،راستے میں ان کو کسی قسم کی رکاوٹ نہ ہو،ہم سب بطور پاکستانی ان کے ساتھ ہیں۔

(جاری ہے)

مریم اورنگزیب نے کہا کہ کل سے مذاکرات کے حوالے سے ہماری نشستیں ہوتی رہیں جس کی وزیر اعلی پنجاب نگرانی کرتی رہیں اور مذاکراتی عمل سے مکمل طور پر آگاہ رہیں، اللہ تعالی کا شکر ہے کہ آج مذاکرات طویل نشستوں کے نتیجے میں ہم سب کو کامیابی حاصل ہوئی اور اللہ تعالی نے اس پورے فیصلے میں برکت ڈالی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت سے تعاون پر جماعت اسلامی کا شکریہ ادا کر تی ہوں،سیاسی فریقوں کے درمیان رابطے اور بات چیت کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ با ہمی مذاکرا ت کی روشنی میں بلوچستان سے آئے لو گوں کا قافلہ لاہور پریس کلب جائے گا اور پنجاب حکومت قافلے کو تحفظ فراہم کرے گی،بعد ازاں مولا نا ہدایت الرحمن کی سربراہی میں قافلہ اسلام آباد روانہ ہوگا۔سینئر صو با ئی وزیر نے کہا کہ وفاقی کمیٹی کے ممبران کا تعین ہوگیا ہے جس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی،وزیر اطلا عات عطا اللہ تارڑ،رانا ثنااللہ خاں،طلال چودھری اور جام کمال بھی کمیٹی کا حصہ ہونگے۔

اسلام آباد میں دونوں سطح پر وفود مذاکرات کریں گے،امید ہے کہ وہاں مسائل کا حل نکالا جا ئیگا۔انہوں نے کہا کہ اس مذکراتی عمل کے حوالے سے وزیراعظم محمد شہبازشریف،نا ئب امیر جماعت ا سلامی لیا قت بلو چ اور میڈیا کا شکریہ ادا کر تے ہیں۔اس مو قع پر نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے گفتگو کر تے ہو ئے کہا کہ کل سے قافلہ کے شرکا منصورہ میں رکے ہوئے ہیں۔

اس حوالے سے وزیراعلی مریم نواز نے سینئر وزرا کی کمیٹی تشکیل دی۔مریم اونگرزیب نے مذاکرتی کمیٹی کی قیا دت کی۔گزشتہ دو دنوں سے مذاکرات چل رہے تھے۔پنجاب میں قافلہ کے شرکا کے مسائل حل کرنے کے لیے تعاون کی کوشش کی گئی۔انہوں نے کہا کہ اب یہ کارواں منصورہ سے پر امن طریقے سے لاہور پریس کلب جائے گا،بعد میں قافلہ اسلام آبا د روانہ ہو گا جہاں مولانا ہدایت الرحمن کا وفد وفا قی کمیٹی کے سامنے مطالبات رکھے گا۔ہم توقع رکھتے ہیں کہ مذاکرات سے خیر کا پہلو نکلے گا۔