آئی جی پی کا ڈی آئی خان کا دورہ ، میجر جنرل نیک نام محمد بیگ کی درپیش چیلنجز، پولیس کیساتھ مشترکہ آپریشنز بارے آگاہی

پولیس کی استعداد کار بڑھانا ، انفراسٹرکچر کی بہتری ،جدید اسلحے سے لیس کرنا میری اولین ترجیح ہے،ذوالفقار حمید

بدھ 30 جولائی 2025 20:10

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2025ء)آئی جی پی خیبر پختونخواہ ذوالفقار حمید نے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کا دورہ کیا۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخواہ ذوالفقار حمید نے دورے کے پہلے مرحلے میں چہکان فورٹ ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکورٹی کے حوالے سے ایک میٹنگ میں شرکت کی جس میں جنرل آفیسر کمانڈنگ 40 ڈویڑن میجر جنرل نیک نام محمد بیگ نے ان کو ڈی آئی خان، ٹانک اور لکی مروت میں درپیش چیلنجز اورپولیس کے ساتھ سیکورٹی فورسز کے مشترکہ آپریشنز کے بارے بتایا۔

اس موقع پر آئی جی پی نے دہشتگردوں کے خلاف مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ پولیس کی استعداد کار بڑھانا ، انفراسٹرکچر کی بہتری اور ان کو جدید اسلحے سے لیس کرنا میری اولین ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں آئی جی پی ذوالفقار حمید آر پی او ڈیرہ سید اشفاق انور کے ہمراہ ٹریفک سکول پہنچے اور عوام کی سہولت کے لیے خیبر پختونخوا پولیس کی طرف سے نو تعمیرشدہ پولیس ڈرائیونگ اسکول کا افتتاح کیا۔

سکول پہنچنے پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے انکو سلامی پیش کی جسکے بعد انہوں نے سکول کے مختلف حصوں کا وزٹ بھی کیا۔ آر پی او نے بتایا کہ سکول میں عملی ڈرائیونگ کے ساتھ ساتھ ٹریفک اور روڈ سیفٹی کے قوانین سے آگاہی حاصل کر سکیں گے اور ڈرائیونگ لائسنس کے حصول میں بھی یقینی مدد و آسانی میسرہو گی۔ اس موقع پر آئی جی پی نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو حادثات کی روک تھام اور قانون کے مطابق ڈرائیونگ کی تربیت فراہم کرنا ہے جہاں پر مرد و خواتین کو یکساں تربیتی مواقع میسر ہوں گے اور اس سکول کو دورِ حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے ورچول سٹیمولیٹر دینے کا بھی اعلان کیا۔

آئی جی پی نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے افسران اور جوانوں میں انعامات بھی تقسیم کیے۔ اور انہیں محنت، ایمانداری اور لگن سے عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کی تلقین کی۔ بعد ازاں آئی جی اعجاز شہید پولیس لائنز ڈیرہ اسماعیل خان پہنچے تو ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ سید اشفاق انور،ڈی پی او ڈیرہ صاحبزادہ سجاداحمد سمیت دیگر اعلی پولیس افسران نے آئی جی پی ذوالفقار حمید کا استقبال کیا۔

آئی جی پی نے یادگار شہداپولیس پر حاضری دیتے ہوئے سلامی دی، پھول چڑھائے اور شہداپولیس کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔بعد از آر پی او ڈیرہ سید اشفاق انور نے پولیس لائنز ڈیرہ میں جدید اقسام کے اسلحہ و ایمونیشن کا معائنہ کرایا جو علاقے میں دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سٹریٹیجک اثاثے کے طور پر انتہائی اہمیت کا حامل ہے جسکے بعد انکو ہتھیاروں اور مختلف آلات کی بحالی بارے بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ ڈی آئی خان کے نوجوان تکنیکی مہارت سے مالا مال ہیں جو نہ صرف ضلعی بلکہ بین الاضلاعی طور پر بھی پولیس کی ضرورت کے مطابق اسلحے و آلات کو ڈھالنے اور بروقت کوئی بھی تکنیکی خرابی دور کرنیکا ہنر رکھتے ہیں۔

آئی جی پی نے ڈیرہ، ٹانک، جنوبی وزیرستان لوئرکے علمائے کرام، ممبر ان امن کمیٹی اور معززین علاقہ کے جرگہ سے ملاقات کی۔اس موقع پر آئی جی پی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امن کی بحالی کے لیے موجودہ حالات کے پیش ڈیرہ اسماعیل خان اور بنوں ڈویڑن میں جدید اسلحہ و ایمونیشن، گاڑیوں سیف سٹی پراجیکٹس سمیت پولیس جوانوں کیلئے محفوظ اور مضبوط تھانہ جات اور چوکیات کی تعمیرات جاری ہیں جس سے علاقے کے امن و امان میں واضح فرق آئے گا۔

اس علاقے کے امن و امان اور اپنی نسلوں کی ترقی و خوشحالی کے لئے آپ تمام نے پولیس کا ساتھ دینا ہے اور آپس میں اتحاد و اتفاق کے ذریعے ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنانا ہے۔ اس سے قبل انہوں نے آر پی او آفس میں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں آئی جی پی کو سیف سٹی پراجیکٹس، تھانہ جات اور چوکیات ، ٹریفک سکول کی تعمیر کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ آئی جی نے انفرا سٹرکچر کے کام پر تیزی کے احکامات دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو دن کے اندر تمام پراجیکٹس کو شروع کرنیکا کہا۔ آئی جی پی ذوالفقار حمید نے شجر کاری مہم کے سلسلے میں پودا بھی لگایا۔