امیت شاہ کے اشتعال انگیز بیانات کشمیریوں کے تئیں بھارتی حکمرانوں کی نفرت کا عکاس ہیں، ڈی ایف پی

حریت کانفرنس کے حوالے سے امیت شاہ کی زہریلی زبان کشمیریوں کی جائز اور منصفانہ جدوجہد کو بدنام کرنے کی مذموم بھارتی مہم کا حصہ ہے،بیان

جمعرات 31 جولائی 2025 13:25

سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جولائی2025ء)بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی (ڈی ایف پی )نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کے اشتعال انگیز بیانات کشمیریوں کے تئیں بھارتی حکمرانوں کی نفرت اور گہری دشمنی کا عکاس ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ڈی ایف پی کے ترجمان ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ حریت کانفرنس کشمیریوں کے احساسات ، جذبات اور خواہشات کی ترجمان ہے ، حریت کانفرنس کا واحد قصور یہ ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ حق خود ارادیت کیلئے پر امن سیاسی جدوجہد کر رہی ہے ۔

انہوںنے کہا کہ حریت کانفرنس کے حوالے سے امیت شاہ کی زہریلی زبان کشمیریوں کی جائز اور منصفانہ جدوجہد کو بدنام کرنے کی مذموم بھارتی مہم کا حصہ ہے۔

(جاری ہے)

ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے کہا کہ کشمیریو ں کی تحریک آزادی کو بدنام کرنے کی بھارتی کوششیں نہ ماضی میں کامیاب ہوئی ہیں اور نہ آئندہ ہونگی، جموںوکشمیر ایک منتازعہ خطہ ہے جس کی حتمی حیثیت کا تعین اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔

دریں اثنا جموں و کشمیر نیشنل فرنٹ کے قائم مقام چیئرمین الطاف حسین وانی نے بھی حریت کانفرنس کے خلاف بھارتی وزیر داخلہ کے اشتعال انگیز بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی کی زیر قیادت بھارتی حکومت نے کشمیریوں کے خلاف بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈا مہم تیز کر دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی پروپیگنڈہ زمینی حقائق اور نہ ہی جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت تبدیل کر سکتا ہے۔