وفاقی محتسب سیکریٹریٹ کے زیر اہتمام ٹنڈوآدم میں کھلی کچھری، متعدد شکایات پر موقع پر کارروائی کے احکامات جاری

جمعرات 31 جولائی 2025 17:00

ٹنڈوآدم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جولائی2025ء)وفاقی محتسب سیکریٹریٹ کے زیر اہتمام ٹنڈوآدم میں کھلی کچھری، متعدد شکایات پر موقع پر کارروائی تفصیلات کے مطابق وفاقی محتسب اعلی پاکستان اعجاز احمد قریشی کی خصوصی ہدایت پر وفاقی محتسب سیکریٹریٹ ریجنل آفس میرپورخاص کے انچارج انجینئر محمد عارف کی زیر نگرانی ٹنڈوآدم میں کھلی کچھری کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہریوں نے مختلف وفاقی اداروں کے خلاف شکایات پیش کیں۔

کھلی کچھری کے دوران حیسکو، سوئی سدرن گیس، نادرا ، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ، ہائی ویز اور ریلوے سمیت دیگر وفاقی اداروں کے خلاف شکایات موصول ہوئیں، جن میں سے متعدد پر موقع پر ہی کارروائی کی گئی، جبکہ بعض کیسز میں افسران اور شکایت کنندگان کو دفتر طلب کیا گیا۔

(جاری ہے)

انجینئر محمد عارف نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی محتسب کا ادارہ عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے سرگرم ہے اور شہری سادہ کاغذ پر درخواست دے کر اپنی شکایت بلا معاوضہ درج کروا سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ رواں سال اب تک تقریبا 3000 شکایات موصول ہوئی ہیں، جو گزشتہ سال کی نسبت 26 فیصد زیادہ ہیں۔ تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر ٹنڈوآدم حنین طارق شاہانی، حیسکو کے آر او آفیسر آصف علی چنہ، سوئی سدرن گیس کے انچارج سید حبدار علی شاہ، ڈی ایس پی عبدالستار گرگیج، نادرا کے انچارج شاہد حسین ہالیپوٹو، بی آئی ایس پی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر فیصل گجر، مختیارکار رحم علی زرداری، وائس چیئرمین میونسپل کمیٹی ملک ذوالفقار، ایسوسیئیٹ پریس آف پاکستان کے عاشق حسین ساند ، تنظیم اساتذہ ضلع سانگھڑ کے صدر پروفیسر احمد بلال غوری ، پروفیسر احمد جبران غوری ، انجمن تاجران ٹنڈوآدم کے صدر محمد اقبال بھٹی ، نائب صدر حبیب خان ، آل پاکستان غوری اتحاد سندھ کے صدر عمران عزیز غوری ، سابق صدر پریس کلب ٹنڈوآدم عمر فاروق قریشی ، احمد رمضانی ، لائبریری انچارج ناصر قریشی ، مولانا حافظ عبدالمالک ، جماعت اسلامی کے مشتاق عادل ، غفور انصاری سمیت دیگر محکموں کے افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔