ْ پی ٹی آئی کا پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف حالیہ عدالتی فیصلے چیلنج کرنے کا اعلان

جمعرات 31 جولائی 2025 21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جولائی2025ء) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف حالیہ عدالتی فیصلے چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ان فیصلوں سے جمہوریت ڈی ریل ہو جائیگی، چاہتے ہیں سسٹم چلے اور ایوان مضبوط ہو، ایوان میں واپس جانا ہے یا بائیکاٹ کرنا ہے اس کا فیصلہ بانی پی ٹی آئی کریں گے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ 3 دن میں تین سزائیں ہوئی اور 45 سال کی سزا سنائی گئی،بانی پی ٹی آئی پر پریشر کے لیے ان کی اہلیہ کو سزا سنائی گئی، قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر زرتاج گل کو سزا سنائی گئی، آج فیصل آباد اے ٹی سی کے فیصلے میں اپوزیشن لیڈر سینیٹ، قومی اسمبلی کو سزا ہوئی، ہم نے ان سب کے باوجود ریاست کے ساتھ چلنیکافیصلہ کیا۔

(جاری ہے)

آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب میں بیرسٹرگوہر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف آئندہ کا جمہوری اور عوامی لائحہ عمل بہت جلد دیگی، پی ٹی آئی ان تمام جمہوری الائنسزکا ساتھ دیگی جو آئین، قانون اور انصاف کی بات کریں گے، اپنیحق، اپنے لیڈر اور ظلم کے خلاف آواز اٹھانا ہر شہری کا جمہوری حق ہے،کسی جماعت کے کارکنوں نے اتنی قربانیاں نہیں دیں جتنی پی ٹی آئی کارکنوں نے دیں، کوئی سوچ بھی نہیں سکتا کہ پرامن ریلی پر گولیاں چلیں گی۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کوفیصلہ کرناہوگا کہ پاکستان کا مستقبل جمہوریت ہے یا نہیں،کچھ لوگ ملک سے جمہوریت ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، عدلیہ کی آزادی او ر ایماندار نظام کے لیے ہماری جدوجہد جاری رہیگی، پارلیمنٹ میں صرف وہ لوگ آنے چاہئیں جو عوامی حمایت سے منتخب ہوں۔