پاکستان اور مصر کا تربیت، مشترکہ فوجی مشقوں اور دفاعی تعاون کے شعبوں میں موجودہ عسکری تعلقات کو مزید مضبوط اور وسعت دینے میں مشترکہ دلچسپی پر زور

جمعرات 31 جولائی 2025 22:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) پاکستان اور مصرنےتربیت، مشترکہ فوجی مشقوں اور دفاعی تعاون کے شعبوں میں موجودہ عسکری تعلقات کو مزید مضبوط اور وسعت دینے میں مشترکہ دلچسپی پر زور دیاہے۔جمعرات کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر )سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے دفاعی اور سکیورٹی مذاکرات کے تیسرے دور کے لئے مصر کے سرکاری دورے کے دوران عرب جمہوریہ مصر کےصدرعبدالفتاح السیسی ، وزیر دفاع ودفاعی پیداوار جنرل عبد المجید احمد عبد المجید سکراور مصری مسلح افواج کے کمانڈر انچیف ایڈمرل اسامہ منیر محمد ربیع، سویز کینال اتھارٹی کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر اور جامعتہ الازہر کے مفتی اعظم پروفیسر ڈاکٹر احمد محمد احمد الطیب سے ملاقاتیں کیں۔

(جاری ہے)

ملاقاتوں میں دوطرفہ فوجی تعاون، سیکورٹی، انسداد دہشت گردی اور موجودہ علاقائی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔ دونوں اطراف کے معززین نے تربیت، مشترکہ فوجی مشقوں اور دفاعی تعاون کے شعبوں میں موجودہ عسکری تعلقات کو مزید مضبوط اور وسعت دینے میں مشترکہ دلچسپی پر زور دیا۔ جامعۃ الازہر کے مفتی اعظم پروفیسر ڈاکٹر احمد محمد احمد الطیب کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئےسی جے سی ایس سی نے رواداری، شمولیت اور دہشت گردی کی بنیادی وجوہات سے نمٹنے کے لئے مذہبی اور بین المذاہب ہم آہنگی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

مصری معززین نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔قبل ازیں وزارت دفاع پہنچنے پر چیئرمین جے سی ایس سی کو مصری مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔\932