سیالکوٹ، 14 اگست یوم آزادی انتہائی جوش و جذبے سے منایا جائے گا، ضلعی ناظم انجمن طلباء اسلام

جمعہ 1 اگست 2025 13:40

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2025ء) ضلعی ناظم انجمن طلباء اسلام مہر حبیب الرحمن نے کہا ہے کہ 14 اگست یوم آزادی انتہائی جوش و جذبے سے منایا جائے گا، یہ وہ عظیم دن ہے جب برصغیر کے مسلمانوں نے بے مثال قربانیوں کے بعد آزادی کی نعمت حاصل کی اور پاکستان معرض وجود میں آیا۔یوم آزادی کے حوالے سے جاری کردہ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ دن فقط خوشی منانے کا نہیں بلکہ تجدید عہد کا بھی ہے کہ ہم وطن کی تعمیر وترقی میں بھر پور کردار ادا کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے نو جوان نسل پر زور دیا کہ وہ قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کے افکار کو اپنا ئیں اور پاکستان کو ایک ترقی یافتہ ، خوشحال اور پر امن ملک بنانے کیلئے متحد ہو کر کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ یوم آزادی ہمیں یاد دلاتا ہے کہ یہ ملک لاکھوں جانوں کی قربانی اور طویل جد و جہد کا ثمر ہے جس کی حفاظت اور ترقی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ مہر حبیب الرحمن نے مزید کہا کہ عوام کو چاہیے کہ وہ 14 اگست کو قومی پرچم لہرا کر عمارتوں کو چراغاں کر کے اور قومی جذبے سے سرشار تقربیات کا انعقاد کر کے اس دن کی عظمت کو اجاگر کریں۔