سندھ زرعی یونیورسٹی میں جشنِ آزادی کے سلسلے میں ’’بنیان المرصوص اور معرکۂ حق‘‘ کے عنوان سے تقریبات کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا

جمعہ 1 اگست 2025 17:47

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2025ء) سندھ زرعی یونیورسٹی میں سندھ حکومت کے اعلان کے تحت جشنِ آزادی کے سلسلے میں ’’بنیان المرصوص اور معرکہ حق‘‘ کے عنوان سے تقریبات کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا۔ اس سلسلے کی افتتاحی تقریب یکم اگست کو جامعہ کے سینیٹ ہال میں منعقد ہوئی، جس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر الطاف علی سیال، اساتذہ، طلبہ اور عملے کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

افتتاحی تقریب میں وائس چانسلر نے انتظامیہ اور اساتذہ کے ہمراہ ربن کاٹ کر دو ہفتوں پر محیط سرگرمیوں کا آغاز کیا۔ تقریب کے دوران مقررین نے پاک افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ افواجِ پاکستان نے ہمیشہ دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا ہے۔ اپنے صدارتی خطاب میں وائس چانسلر ڈاکٹر الطاف علی سیال نے کہا کہ ہمارے جوانوں نے بھارتی فضائیہ کے رافیل طیاروں کو بھی ناکام بنا کر دنیا کو پیغام دیا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر قومی نغموں پر شرکاء نے والہانہ جوش و خروش کا اظہار کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد اسماعیل کمبھر نے ’’بنیان المرصوص‘‘ اور ’’معرکہ حق‘‘ جیسے موضوعات کو قومی اتحاد اور استقامت کے حوالے سے نہایت اہم قرار دیا جبکہ انجینئر ظہیر خان نے دو ہفتوں کے پروگرامز کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ تقریب سے ڈین فیکلٹی آف کراپ پروڈکشن ڈاکٹر عنایت اللہ راجپر، ڈین سوشل سائنسز ڈاکٹر اعجاز علی کھونھار، ڈین کراپ پروٹیکشن ڈاکٹر عبدالمبین لودھی، رجسٹرار غلام محی الدین قریشی، ڈاکٹر ریاض برڑو، انوار حسین خانزادہ، ڈاکٹر عبدالواحد بلوچ اور ڈائریکٹر کیمپس محمد اشرف رستمانی سمیت دیگر اساتذہ نے بھی خطاب کیا۔

واضح رہے کہ یہ تقریبات 14 اگست تک جاری رہیں گی، جن میں آگہی سیمینارز، تقریری اور کوئز مقابلے، ثقافتی شو، ٹیبلو، میوزیکل پروگرام اور کھیلوں کے مقابلے شامل ہوں گے۔