پنجاب یونیورسٹی اوروہان یونیورسٹی چین نے نیا ہائبرڈ چاول کا بیج تیارکرلیا

جمعہ 1 اگست 2025 20:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اگست2025ء)پنجاب یونیورسٹی اور وہان یونیورسٹی چین نے نیا ہائبرڈ چاول کا بیج تیار کر لیا جس سے چاول کی فی ایکڑ پیداوار تین گنا بڑھ کر 140 من فی ایکڑ ہو جائے گی۔ نیا ہائبرڈ چاول پاکستان میں تیار ہونے والا پہلا ہانگ لیان قسم کاہائبرڈ چاول ہے۔پنجاب یونیورسٹی اور وہان یونیورسٹی چین کے سائنسدانوں نے مل کر ہائبرڈ چاولوں کی نئی اقسام ایجاد کیں۔

پنجاب یونیورسٹی سے شعبہ پلانٹ بریڈنگ جینیٹکس کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر محمد اشفاق اورڈاکٹر محمد علی کلاسرا جبکہ وہان یونیورسٹی چین سے پروفیسر رنشان ژو، ڈاکٹر ژیانٹنگ وو، شو و دیگر تحقیقاتی ٹیم میں شامل تھے۔ تکنیکی مراحل کی تکمیل کے بعد پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل نے نئے ہائبرڈ چاول کی منظوری دی۔

(جاری ہے)

چیئرمین شعبہ پلانٹ بریڈنگ جنیٹکس ڈاکٹر محمد اشفاق کے مطابق نئے چاول کا کامیاب تجربہ پاکستان کے چار صوبوں کے مختلف شہروں میں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ نئے ہائبرڈ چاول کی تیاری دس سالہ تحقیق اور تجربے کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہائبرڈ چاول کی نئی اقسام کو PU786 کے نام سے رجسٹرڈ کرایا گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ نیا ہائبرڈ چاول بیکٹیریائی بیماریوں کے خلاف مزاحمتی صلاحیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نیا ہائبرڈ چاول شدید گرمی اور خطرناک کیڑوں کے خلاف بھی مزاحمتی صلاحیت رکھتا ہے۔

ڈاکٹراشفاق کے مطابق نیا ہائبرڈ چاول قومی سطح پر چاول کی پیداوار میں اضافہ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ وائس چانسلرپنجاب یونیورسٹی پروفیسرڈاکٹر محمد علی نے نئے ہائبرڈ چاول کی تحقیق کے فروغ میں اہم کردار ادا کیاہے۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ نیا ہائبرڈ چاول پاکستان کے زرعی شعبے میں انقلاب ہے۔انہوں نے کہا کہ نیا ہائبرڈ چاول پاکستان اور چین کی جامعات میں مشترکہ تحقیقاتی منصوبوں کو مزید فروغ دے گا۔

انہوں نے کہا کہ نیا ہائبرڈ چاول غذائیت میں بھی شہریوں کے لئے مفید ثابت ہو گا۔انہوں نے کہا کہ فی ایکڑ تین گنا ذیادہ پیداوار سے عام کسان کو فائدہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ منظور شدہ نیا ہائبرڈ چاول دنیا بھر میں پاکستانی چاول کی ایکسپورٹ میں اضافہ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ جامعات کا بنیادی کام ملک، قوم اور صنعتی ترقی میں کردار ادا کرنا ہے۔