Live Updates

پنجاب ایمرجنسی سروس نے278,756 ایمرجنسی متاثرین کو ماہ جولائی کے دوران ریسکیوسروسز فراہم کیں، ڈاکٹر رضوان نصیر

جمعہ 1 اگست 2025 22:09

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2025ء) سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر نے پنجاب کے تمام اضلاع کی ماہ جولائی کی آپریشنل کارکردگی کا جائزہ لیا۔ڈاکٹر رضوان نصیر کو بتایا گیا کہ پنجاب ایمرجنسی سروس (ریسکیو 1122)نے جولائی کے دوران پنجاب بھر میں225,842 ایمرجنسیز پر رسپانس کرتے ہو ئے278,756 ایمرجنسی متاثرین کو ریسکیوسروسز فراہم کیں۔

انہوں نے گزشتہ ماہ کے دوران38,877 روڈ ٹریفک حادثات،1,538 آتشزدگی کے واقعات اور170 ڈوبنے کے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ڈاکٹر رضوان نصیر نے عوام الناس کو ہدایت کی کہ بارشی موسم میں اپنے اور اپنے اہل خانہ کوکسی بھی ایمرجنسی سے محفوظ رکھنے کیلئے گھروں کی چھتوں اور نکاسی آب کا جائزہ لیتے رہیں،بجلی کے کھمبوں، سوئچوں، گیلے بجلی کے آلات سے دور رہیں، سیلابی،بارشی و نشیبی علاقہ جات میں جانے سے گریز کریں۔

(جاری ہے)

سیکرٹری ایمرجنسی سروسز کوآپریشنل بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ گزشتہ ماہ کے دوران 38,877 ٹریفک حادثات، 1,538 آتشزدگی کی ایمرجنسیز اور 170 ڈوبنے کے واقعات رپورٹ ہوئے۔ انہوں نے پنجاب کے تمام اضلاع کے بڑے ریسکیو آپریشنز کا جائزہ لیا اور لاہور فائر ریسکیو سروس کی حفیظ سنٹر میں لگنے والی آگ کے دوران بروقت اور پیشہ ورانہ کارروائی کو سراہا،جس کے باعث حفیظ سینٹر کو بڑے سانحے سے بچا لیا گیا۔

اسی روز لاہور میں ایک اور رہائشی علاقے میں فیکٹری میں لگنے والی آگ کے دوران تنگ گلیوں اور گنجان آباد علاقہ میں انتہائی چیلنجنگ اور پیچیدہ فائر اینڈ ریسکیو آپریشن میں بھی فائر فائٹر نے ایمرجنسی سروسز فراہم کیں تھیں تاہم اس آپریشن میں دو فائر ریسکیورز نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر شہادت کا رتبہ حاصل کیا۔یہ بریفنگ انہیں ماہانہ آپریشنل کارکردگی کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس کے دوران دی گئی،جس میں ڈویژنل ایمرجنسی آفیسرز، ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ کے مختلف ونگز کے سربراہان نے شرکت کی جبکہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

جس میں پنجاب بھر کے ضلعی ایمرجنسی افسران نے اہم ریسکیو آپریشن، حادثات و ایمرجنسیز،کیس اسٹڈیز،درپیش چیلنجز، قابل ذکر اقدامات سمیت اپنی آپریشنل کارکردگی کے بارے میں آگاہ کیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز نے سیکرٹری ایمرجنسی سروسز کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب ایمرجنسی سروس (ریسکیو 1122) نے گزشتہ ماہ مجموعی طور پر 2,25,842 ایمرجنسیز پر رسپانس کیا جن میں1,50,179 میڈیکل ایمرجنسیز، 38,877 روڈ ٹریفک حادثات،6,711 گرنے / پھسلنے کے واقعات،6,382 ڈیلیوری کیسز، 4,383 جرائم سے متعلق واقعات، 2,586 کرنٹ لگنے کے واقعات، 2,372 کام کے دوران ایمرجنسیز، 1,962 جانوروں کو ریسکیو کرنے، 1,538 آگ لگنے کے واقعات، 327 جھلسنے کے کیسز، 306 عمارتیں گرنے کے واقعات، 170 ڈوبنے کے واقعات اور 10,049 دیگر متفرق ایمرجنسیز شامل ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ماہ پنجاب میں 38,877 روڈ ٹریفک حادثات کے دوران 387 افراد جاں بحق ہوئے۔ ان میں سب سے زیادہ 7,213 حادثات لاہور میں ہوئے جن میں 36 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ اسی طرح فیصل آباد میں 2,588، ملتان میں 2,530، گوجرانوالہ میں 1,942، شیخوپورہ میں 1,368 اور راولپنڈی میں 1,318 ٹریفک حادثات رپورٹ ہوئے جبکہ باقی 21,981 حادثات پنجاب کے دیگر اضلاع میں پیش آئے۔

آگ لگنے کے سب سے زیادہ واقعات بھی بڑے شہروں میں رپورٹ ہوئے، جن میں لاہور میں 396، فیصل آباد میں 188، ملتان میں 102، راولپنڈی میں 84، رحیم یار خان میں72 اور گوجرانوالہ میں53 واقعات شامل ہیں۔ڈاکٹر رضوان نصیر نے عوام سے اپیل کی کہ موجودہ بارشوں اور ممکنہ سیلاب کی صورتحال کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔انہوں نے خصوصاً نشیبی اور پہاڑی علاقوں کی سیر سے محتاط رہنے کی ہدایت کی جہاں دریاوں اور برساتی نالوں میں پانی کا بہائو خطرناک حد تک تیز ہو سکتا ہے۔ انہوں نے دوبارہ زور دیا کہ بارش کے دوران برقی کھمبوں، سوئچز اور کھلے برقی آلات سے دور رہیں اور زیر آب علاقوں میں جانے سے اجتناب کریں تاکہ آپ اور آپ کے پیارے محفوظ رہیں۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات