امریکہ نے پاکستان کی معیشت کے تین بڑے شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے، خرم شہزاد

جمعہ 1 اگست 2025 23:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2025ء) وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے جمعہ کے روز کہا کہ امریکہ نے پاکستان کی معیشت کے تین بڑے شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے۔ جمعہ کو ایک نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اس پیش رفت کو ملکی معیشت کے لیے ایک مثبت اشارہ قرار دیا اور کہا کہ امریکہ کی دلچسپی حالیہ بات چیت کے دوران سامنے آئی ہے جو دوطرفہ تعاون بڑھانے پر مرکوز تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ امریکہ نے تیل و گیس کی تلاش، معدنیات و کان کنی، اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز، بشمول آئی ٹی اور کرپٹو کرنسی میں خاصی دلچسپی ظاہر کی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ تیل و گیس کے نئے منصوبے بین الاقوامی کمپنیوں اور توانائی کی بڑی فرموں کو اپنی طرف متوجہ کریں گے۔

(جاری ہے)

خرم شہزاد نے موجودہ تجارتی تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ٹیکسٹائل کا شعبہ امریکہ کے ساتھ پاکستان کے سب سے اہم معاشی روابط میں سے ایک ہے، اور اس میں مزید بہتری کی کوششیں جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہدف صرف ٹیکسٹائل ہی نہیں بلکہ دیگر شعبوں میں بھی برآمدات کو فروغ دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو نسبتاً مسابقتی ٹیرف میں فائدہ حاصل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب اصل ضرورت اس بات کی ہے کہ ان مواقع سے مؤثر طریقے سے فائدہ اٹھایا جائے۔