جہانیاں: مصطفائی تحریک جہانیاں کے زیر اہتمام "شادابی مہم پاکستان" کے تحت شجرکاری مہم کا انعقاد

مصطفائی تحریک جنوبی پنجاب کے صدر محمد امین مدنی ضلع خانیوال کے صدر چوہدری محمد اشفاق احمد، جنرل سیکرٹری کنور شعیب احمد کے ہمراہ پودے لگائے

Sarwar Nazir محمد سرور نذیر ہفتہ 2 اگست 2025 17:07

جہانیاں( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 اگست 2025ء ) مصطفائی تحریک جہانیاں کے زیر اہتمام "شادابی مہم پاکستان" کے تحت جیلانی مسجد جہانیاں کے سبزہ زار میں شجرکاری مہم کا انعقاد کیا گیا، جس میں مصطفائی تحریک جنوبی پنجاب کے صدر محمد امین مدنی، ضلع خانیوال کے صدر چوہدری محمد اشفاق احمد، جنرل سیکرٹری کنور شعیب احمد ایڈووکیٹ، ضلعی رہنماؤں محمد ارشد قادری، محمد عابد عقیل، تحصیل جہانیاں کے صدر محمد لطیف ناصر قاسمی اور صدر جماعت اہل سنت تحصیل جہانیاں مفتی محمد یٰسین حیدر القادری نے شرکت کی۔

شجرکاری میں مصطفائی تحریک، المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی اور انجمن طلباء اسلام کے کارکنان نے بھی حصہ لیا۔ اس موقع پر مختلف اقسام کے پودے لگا کر ماحول دوست طرزِ فکر، سرسبز پاکستان اور دینی فلاحی سوچ کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

(جاری ہے)

صدر جنوبی پنجاب محمد امین مدنی نے کہا کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ اور سنت نبوی ﷺ ہے، یہ عمل اسلامی تعلیمات کے عین مطابق اور قومی ذمہ داری ہے۔

ضلعی صدر چوہدری محمد اشفاق احمد نے کہا کہ مصطفائی تحریک ماحول کے تحفظ کو اپنی فکری ترجیحات میں شامل رکھتی ہے اور ہر کارکن کو شجرکاری میں عملی حصہ لینا چاہیے۔ ضلعی جنرل سیکرٹری کنور شعیب احمد ایڈووکیٹ نے کہا کہ پودے لگانا آنے والی نسلوں کو محفوظ فطری ماحول دینے کی ضمانت ہے۔ضلعی رہنما محمد ارشد قادری نے کہا کہ ماحول دوست سرگرمیاں اسلام کے فطری پیغام سے ہم آہنگ ہیں جبکہ ضلعی رہنما محمد عابد عقیل نے شجرکاری کو قومی خدمت قرار دیا۔

تحصیل صدر محمد لطیف ناصر قاسمی نے کہا کہ یہ مہم 25 جولائی سے جاری ہے اور اسے تحصیل جہانیاں کے ہر علاقے تک پھیلایا جائے گا۔ بعد ازاں ایک تنظیمی اجلاس منعقد ہوا جس میں تنظیمی بہتری، دعوتی اثر پذیری اور فلاحی سرگرمیوں کو وسعت دینے کے لیے تجاویز زیر بحث آئیں اور مستقبل کا عملی لائحہ عمل طے کیا گیا۔ اجلاس میں غلام یٰسین قادری،مبشر شہزاد چشتی، محمد سلیم غوری، محمد افضال حامدی، داؤد احمد داؤدی، طاہر زمان واہلہ، ملک امتیاز میتلا، ڈاکٹر غلام فرید، اللہ دیا سہیل، عبدالغفار سمرا، محمد سرور نذیر، رحمان شوکت سمیت دیگر کارکنان شریک ہوئے۔

قبل ازیں مفتی محمد یسین حیدر القادری نے جبکہ اجلاس کے اختتام پر سینئر رہنما اور ٹیچر لیڈر غلام یٰسین قادری نے اپنی اپنی تصانیف  مہمانوں کو پیش کیں۔