ورکرز ویلفیئر فنڈ کے زیر سرپرستی طالب علم نے بین الاقوامی بائیالوجی اولمپیاڈ میں پاکستان کا پہلا گولڈ میڈل جیت لیا

ہفتہ 2 اگست 2025 22:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2025ء) ورکرز ویلفیئر فنڈ کے زیر سرپرستی طالب علم نے ایک تاریخی کامیابی حاصل کرتے ہوئے بین الاقوامی بائیالوجی اولمپیاڈ میں پاکستان کیلئے پہلا گولڈ میڈل جیت لیا۔ طالب علم عبدالرافع نے فلپائن میں21 سے 27 جولائی 2025 تک منعقدہ 36 ویں بین الاقوامی بائیا لوجی اولمپیاڈ (آئی بی او) میں پاکستان کا پہلا گولڈ میڈل حاصل کیا۔

عبدالرافع کی اس کامیابی کے اعزاز میں اسلام آباد میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس کی صدارت ڈبلیو ڈبلیو ایف کے سیکرٹری ذوالفقار احمد نے کی۔ انہوں نے کامیاب نوجوان طالب علم کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔ عبدالرافع نے یہ میڈل اپنے مرحوم والد عبدالباسط، جو کہ ڈبلیو ڈبلیو ایف کے سابق ملازم تھے، کے نام منسوب کیا ہے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری ذوالفقار احمد نے اس کامیابی کو وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانی و ترقی انسانی وسائل چوہدری سالک حسین اور وفاقی سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری کی بصیرت افروز قیادت کا مظہر قرار دیا۔

انہوں نے کہاکہ یہ پہلا گولڈ میڈل اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم چوہدری سالک حسین اور ندیم اسلم چوہدری کے مشن کو پورا کرنے کے لیے دن رات محنت کر رہے ہیں۔ ذوالفقار احمد نے مزید کہا کہ یہ گولڈ میڈل وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کے ویژن کے مطابق پاکستان کو عالمی سطح پر بلند مقام دلانے کی جانب پہلا قدم ہے، یہ ہماری قیادت کی خواہش اور پاکستان کے بین الاقوامی مقام کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے مزیدکہا کہ عبدالرافع کی کامیابی ثابت کرتی ہے کہ مزدوروں کے بچوں کو معیاری تعلیم اور مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ بھی ملک و قوم کا نام روشن کر سکتے ہیں۔ یہ پاکستان اور ورکرز ویلفیئر فنڈ کے لیے ایک فخر کا لمحہ ہے۔ عبدالرافع کی لگن اور صلاحیتوں نے عالمی سطح پر پاکستان کا پرچم سربلند کیا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ورکرز ویلفیئر فنڈ محنت کش خاندانوں کی تعلیمی و سماجی ترقی کے لیے پرعزم ہے۔

سیکرٹری ذوالفقار احمد نے کہا کہ عبدالرافع کا گولڈ میڈل اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ ادارہ اپنے زیر سرپرستی نوجوانوں کی عالمی سطح پر کامیابیوں کے نئے دروازے کھول رہا ہے۔ اس موقع پر عبدالرافع نے ورکرز ویلفیئر فنڈ کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ انہوں نے یہ کامیابی 36 ویں بین الاقوامی بائیولوجی اولمپیاڈ (آئی بی او) میں حاصل کی، جو 21 سے 27 جولائی 2025 تک فلپائن میں منعقد ہوئے۔ اس عالمی مقابلے میں دنیا بھر کے ذہین ترین طلبا نے شرکت کی۔