وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر خان کا نیشنل فرٹیلائزر کارپوریشن لاہور کا دورہ

ہفتہ 2 اگست 2025 23:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2025ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوارہارون اختر خان نے لاہور میں نیشنل فرٹیلائزر کارپوریشن کا دورہ کیا،انہوں نے ادارے کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور صنعتی شعبے کیلئے اپنے ویژن کا اظہار کیا۔دورے کے دوران ہارون اختر خان کو این ایف سی کی موجودہ سرگرمیوں، پیداوار ی صلاحیت، درپیش چیلنجز اور مستقبل کے امکانات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

انہوں نے ادارے کے مختلف حصوں کا دورہ کیا، تکنیکی عملے اور انتظامیہ سے بھی ملاقات کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے عہدہ سنبھالنے کے بعد مقررہ اسٹریٹجک ترجیحات کا ذکر کیا۔سرکاری اداروں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے پیداواری صلاحیت اور مسابقت میں اضافہ ممکن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کھاد کا شعبہ پاکستان کی زرعی خود کفالت واقتصادی استحکام میں اہم کردار ادا کرتا اور نیشنل فرٹیلائزر کارپوریشن پاکستان کی زرعی بنیاد کو سہارا دینے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے، ایسے اداروں کو جدیدیت اور دوراندیش صنعتی پالیسی کے ذریعے مضبوط بنانا ناگزیر ہے۔