علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں کانووکیشن 2025 کی تیاریاں جاری

اتوار 3 اگست 2025 12:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2025ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں سال 2025ء کے کانووکیشن کی تیاریاں اپنے عروج پر پہنچ چکی ہیں۔ وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کی قیادت میں شعبہ امتحانات، شعبہ داخلہ، انتظامیہ اور اسٹیٹ آفس سمیت تمام متعلقہ شعبہ جات دن رات سرگرمِ عمل ہیں تاکہ اس اہم تعلیمی تقریب کو کامیابی سے ہمکنار کیا جا سکے۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے نومبر 2023ء میں وائس چانسلر کا عہدہ سنبھالا تھا۔ اُن کی قیادت میں 2024ء میں کامیاب کانووکیشن کا انعقاد عمل میں آیا اور اب مسلسل دوسرے سال کانووکیشن کے انعقاد سے یونیورسٹی ایک نئی تاریخ رقم کرنے جا رہی ہے۔طلبہ کی آسانی اور سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے گزشتہ سال کی طرح رواں سال بھی کانووکیشن کو چیپٹر وائز منعقد کیا جائے گا تاکہ فارغ التحصیل طلبہ کو ان کے قریبی شہروں میں اسناد کی تقسیم ممکن بنائی جا سکے۔

(جاری ہے)

کانووکیشن کی تقریبات ملک کے مختلف بڑے شہروں بشمول اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ (بلوچستان) میں اکتوبر اور نومبر 2025ء کے دوران منعقد کی جائیں گی۔ ان تقریبات میں ہزاروں طلبہ کو اسناد تفویض کی جائیں گی جو ان کی علمی کاوشوں کا باضابطہ اعتراف ہوگا۔وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کا کہنا ہے کہ اوپن یونیورسٹی اپنی تعلیمی خدمات کے تسلسل، ڈیجیٹل ترقی اور طلبہ دوست اقدامات کے ذریعے قومی سطح پر اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔ کانووکیشن کی یہ تقریبات نہ صرف طلبہ کے لیے ایک یادگار لمحہ ہوں گی بلکہ ادارے کی علمی وقار اور انتظامی فعالیت کا عملی اظہار بھی ثابت ہوں گی۔