ایرانی صدر کا دورہ پاکستان ، سی ڈی اے نے اسلام آباد کو نہایت خوبصورتی سے سجایا

اتوار 3 اگست 2025 15:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2025ء) کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے ایرانی صدر کے دورہ پاکستان کے موقع پر اسلام آباد کو نہایت خوبصورتی سے سجایا ۔ اس حوالہ سے چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ ایرانی صدر کی آمد ہماری قوم کے لیے ایک قابل فخر لمحہ ہے، ہماری ٹیم نے اسلام آباد کو خوبصورت بنانے کیلئے انتھک محنت کی ، دورے سے پہلے سی ڈی اے نے شہر کو خوبصورت بنانے کیلئے ایک جامع مہم شروع کی، اہم سڑکوں، چوراہوں اور راستوں کو صاف کیا گیا اور انہیں پاکستان اور ایران کے قومی پرچموں سے مزین کیا گیا۔

اہم راستوں کو رنگ برنگی روشنیوں سے سجایا گیا جس سے شہر کو ایک بہترین ماحول ملا، گرین بیلٹس کو مزید خوبصورت بنایا گیا اور دارالحکومت کی جمالیاتی کشش کو بڑھانے کے لیے اسٹریٹجک مقامات پر پھولوں کے انتظامات کیے گئے ۔

(جاری ہے)

اسلام آباد کو ایک صاف، سرسبز اور موثر دارالحکومت کے طور پر ترقی دینے کے وسیع تر وژن میں حصہ ڈالتے ہوئے دورے پر آئے ہوئے سربراہ مملکت کا باوقار استقبال کیا۔حکام نے کہاکہ اس طرح کے دورے نہ صرف مضبوط دو طرفہ تعلقات کی علامت ہیں بلکہ پاکستان کو اپنے دارالحکومت کو ایک جدید اور منظم شہر کے طور پر پیش کرنے کا موقع فراہم کرتے ہیں جو بین الاقوامی رہنماؤں کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔