سندھ کے مہاجر یوم آزادی اور معرکہ حق بھرپور انداز سے منائیں،ڈاکٹرسلیم حیدر

پاکستان بنانے اور بچانے میں مہاجروں کے آباؤ اجداد نے لاکھوں جانوں کے نذرانے پیش کئے،مہاجر نوجوان جشن کے حوالے سے ریلیاں نکالیں ، گھروں، مارکیٹوں او ربازاروں میں قوم پرچم لگائیں،چیئرمین مہاجراتحاد تحریک

اتوار 3 اگست 2025 20:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2025ء)مہاجر اتحاد تحریک کے سربراہ ڈاکٹر سلیم حیدر نے سندھ بھر کے مہاجروں سے اپیل کی ہے کہ وہ پاکستان کے جشن آزادی اور معرکہ حق میں بھرپور کامیابی کو شاندار انداز میں منائیں ، مہاجر جوکہ بانیان پاکستان کی اولاد ہیں جنہوں نے پاکستان بنانے اور پاکستان کو بچانے کیلئے لاکھوں جانوں کے نذرانے پیش کئے آج بھی پاکستان کی سلامتی اور استحکام کیلئے وہ کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ مہاجر پاکستان سے نہ صرف محبت کرتے ہیں بلکہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے اپنا تن من دھن قربان کرنے کو تیار ہیں لیکن بدقسمتی سے سندھ میں مہاجروں کے ساتھ تیسرے درجے کا سلوک روا رکھا جارہا ہے، انہیں جس طرح ہر سطح پر نظرانداز کیا گیا ہے اس سے مہاجروں خاص طورپر نوجوانوں میں مایوسی پائی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان کی مسلح افواج جس طرح بھارت کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے اس کے بعد پوری دنیا میں پاکستان کا ایک نیا چہرہ اُبھر کر سامنے آیا ہے ، ہم یہ سمجھتے ہیںکہ پاکستان کے دفاع کو اس قدر مضبوط ہونا چاہئے کہ کبھی کسی دشمن کی جرات نہ ہو کہ وہ پاکستان پر میلی نگاہ ڈالے ۔

انہوں نے خاص طورپر MIT کے کارکنوں، ہمدردوں اور نظریاتی وابستگی رکھنے والے افراد سے اپیل کی کہ وہ یوم آزادی پر اپنے گھروں ، بازاروں، دکانوں اور علاقوںکو سجائیں، اپنے بچوںمیں جذبہ حب الوطنی کو مزید بیدار کریں تاکہ ملک دشمن قوتوں کو پتہ لگ سکے کہ پاکستانی متحد ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ MIT مہاجروں کی واحد جماعت ہے جو علیحدگی پسندوں کے سامنے سب سے بڑی رکاوٹ ہے جو ہمیشہ علیحدگی پسند قوتوں کیخلاف کھڑی رہی ہے ، ہمیشہ سندھودیش اور علیحدگی پسند سندھیوں کو جس طرح MITنے للکارا وہ کسی سے پوشیدہ نہیں ہے۔