Live Updates

�ست کو شروع ہونے والی تحریک ملک میں حقیقی جمہوریت کی بحالی تک جاری رہیگی،صوبائی وزیر قانون

اتوار 3 اگست 2025 20:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2025ء)خیبرپختونخوا کے وزیر قانون و پارلیمانی امور آفتاب عالم ایڈوکیٹ نے عوام خصوصاً پارٹی کارکنوں سے کہا ہے کہ وہ پارٹی قائد عمران خان کے اڈیالہ جیل سے تمام پاکستانیوں کے نام پیغام کے مطابق ملک پر مسلط کردہ ظلم کے نظام کے خلاف حقیقی آزادی کی تحریک کا حصہ بنیں تاکہ ہم حقیقی معنوں میں ایک آزاد قوم بن سکیں۔

اگر ہم یکجا ہو کر مقابلہ کریں گے تو یہ ظلمت کا نظام ضرور زمین بوس ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ 5 اگست کو شروع ہونے والی تحریک ملک میں جمہوریت کی اصل روح کیساتھ بحالی تک جاری رہے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے توغ بالا کوہاٹ میں عمران خان کی 5 اگست کی کال کے سلسلے میں منعقدہ کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اب عوام نڈر ہو چکے ہیں، ہر خوف کا بت ٹوٹ چکا ہے، 5 اگست کے بعد 14 اگست کی تاریخ بھی اس سلسلے میں اہم ترین ہے۔

14 اگست 1947 کو ہم نے بیرونی غلامی سے آزادی حاصل کی تھی۔لیکن اب ہمیں غلامی کی اس سے بھی بدتر صورتحال کا سامنا ہے جہاں تمام اداروں کو اپاہج کر کے سارے بنیادی حقوق معطل کر دئیے گئے ہیں۔ آفتاب عالم نے کہا کہ جیسے ہمارے آباؤاجداد نے انگریزوں کے خلاف جدوجہد کر کے آزادی حاصل کی تھی ہمیں بھی اس کرپٹ نظام سے آزاد ہونا ہے اور غلامی کو ٹھکرانا ہے۔

پیپلز پارٹی اور نون لیگ کٹھ پتلی پارٹیاں بن چکی ہیں، ان کا کرداراب سیاسی جماعت کا نہیں رہا انہوں نے کہا کہ 77 سال لگا کر پاکستان میں مشکل سے چند ادارے کھڑے ہوئے تھے لیکن اب ان اداروں کو بھی ایک ایک کر کے تباہ کر دیا گیا ہے۔ سب سے پہلے انتخابی فراڈ کر کے عوام کا ووٹ چوری کیا گیا اور چوروں کو ملک پر مسلط کرکے جمہوریت کا خاتمہ کیا گیا۔

پھر میڈیا کا گلا گھونٹا گیا، ملک میں بدترین سنسر شپ لگائی گئی اور اب عدلیہ کو 26 ویں آئینی ترمیم کرکے ایک سرکاری ادارہ بنا کراسے مکمل مفلوج کردیاگیاہے۔ وزیر قانون نے کہا کہ راولپنڈی، لاہور، سرگودھا اور فیصل آباد کی عدالتوں کے ذریعے ہمارے پارٹی رہنماؤں، ممبران اسمبلی اور کارکنان کو جھوٹے کیسز میں سزائیں دلوا کر ہماری تحریک کا راستہ روکنے کی ایک اور ناکام کوشش گئی ہے۔انہوں نے حق پرستی کی پاداش میں سزاؤں کی حقدار ٹھہرنے والی پارٹی، لیڈرشپ اور کارکنان کو خصوصی خراج تحسین پیش کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات