پاکستان کی جانب سے غزہ کیلئے 17ویں امدادی کھیپ روانہ

اتوار 3 اگست 2025 21:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2025ء) پاکستان نے غزہ میں جاری انسانی بحران کے دوران فلسطینی عوام سے اپنی مسلسل حمایت کے اظہار کے طور پر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی 17ویں کھیپ روانہ کر دی ہے۔ 100 ٹن پر مشتمل اس امدادی سامان میں خوراک، تیار کھانے، خشک دودھ اور ضروری طبی آلات شامل ہیں۔ یہ کھیپ نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی نگرانی میں روانہ کی گئی۔

اتوار کو ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اکتوبر 2023 سے اب تک پاکستان کی جانب سے غزہ کو کل 1,615 ٹن امدادی سامان بھیجا جا چکا ہے۔ نائب وزیرِ اعظم نے این ڈی ایم اے کی بروقت منصوبہ بندی، مؤثر رابطہ کاری اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ قریبی تعاون پر اظہارِ تحسین کیا، جس کی بدولت یہ امداد فوری طور پر ضرورت مندوں تک پہنچائی جا سکی۔

(جاری ہے)

اس موقع پراپنے بیان میں سینیٹر اسحاق ڈار نے فلسطینی عوام کے ساتھ پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی، شہریوں کے تحفظ اور انسانی امداد کی بلارکاوٹ فراہمی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (یو ان آر ڈبلیو اے ) کے لیے عالمی حمایت کی تجدید کی بھی اپیل کی، جو لاکھوں فلسطینی پناہ گزینوں کی بقا کے لیے ناگزیر ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان دو ریاستی حل کی بحالی کے لیے سیاسی عمل کی حمایت جاری رکھے گا، جو بین الاقوامی قوانین اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر مبنی ہو۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان نے اقوامِ متحدہ، اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی ) اور انٹر نیشنل کورٹ آف جسٹس (آئی سی جے ) جیسے بین الاقوامی فورمز پر اسرائیلی اقدامات کے احتساب کے لیے بھرپور کردار ادا کیا ہے۔

یہ امداد پاکستان کے فلسطینی کاز کے ساتھ پختہ عزم اور مظلوم فلسطینی عوام کے لیے امن، وقار اور انصاف کی جدوجہد میں ان کی حمایت کی عکاسی کرتی ہے۔ پاکستان اپنی امدادی کوششیں جاری رکھے گا اور بحران کے منصفانہ حل کے لیے عالمی سطح پر آواز بلند کرتا رہے گا۔