ایک دہائی بعد پاکستان آئیڈل کی شاندار واپسی

جیوری میں فواد خان سمیت کئی نامور شخصیات شامل

پیر 4 اگست 2025 10:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2025ء)معروف گلوکاری کا شو پاکستان آئیڈل ایک دہائی کے طویل وقفے کے بعد شاندار انداز میں واپس آ رہا ہے، جس میں فواد خان، راحت فتح علی خان، زیب بنگش اور بلال مقصود سمیت کئی نامور شخصیات بطور ججز شامل ہوں گی۔ویرائٹی کے مطابق گلوکاری کے مقابلے کا مقبول شو پاکستان آئیڈل دس سال بعد دوبارہ سے پیش کیا جائے گا۔

پروڈکشن کمپنی ایم ایچ گلوبل نے فریمنٹل سے شو کے تمام حقوق حاصل کرلیے ہیں تاکہ اس کی پیشکش موثر انداز میں کی جا سکے۔شو کی جیوری میں ملک کی مشہور شخصیات شامل ہوں گی، جن میں اداکار فواد خان، گلوکارہ زیب بنگش، گلوکار و قوال راحت فتح علی خان اور مشہور بینڈ اسٹرنگز کے موسیقار بلال مقصود شامل ہیں۔پاکستان آئیڈل کا پہلا سیزن دسمبر 2013میں جیو انٹرٹینمنٹ پر شروع ہوا، جو اپریل 2014میں لاہور کے گلوکار ضماد بیگ کی فتح کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔

(جاری ہے)

اس وقت کے شو کے ججز میں بشری انصاری، حدیقہ کیانی اور علی عظمت شامل تھے اور فائنل قسط میں ریکارڈ 10 لاکھ ووٹس ڈالے گئے تھے۔جیو نے اصل میں 2007میں اس فارمیٹ کے حقوق حاصل کیے تھے، مگر تکنیکی مسائل اور لاجسٹک وجوہات کی بنا پر شو کی لانچ تاخیر کا شکار ہوئی، بالآخر چھ سال بعد یہ شو پاپ آئیڈل کے 50ویں بین الاقوامی ایڈاپٹیشن کے طور پر نشر کیا گیا۔ایم ایچ گلوبل نئے سیزن کے لیے ایک غیر معمولی حکمت عملی ترتیب دے رہی ہے، جس کے تحت یہ شو پانچ مختلف ٹی وی نیٹ ورکس پر ایک ساتھ نشر کیا جائے گا، جو کہ دنیا بھر میں کسی بھی آئیڈل فرنچائز میں پہلی بار ہو رہا ہے۔کمپنی کے مطابق اس کثیر پلیٹ فارم حکمت عملی کا مقصد پاکستان کے مختلف علاقوں اور زبانوں کے لوگوں تک شو کو پہنچانا ہے۔