خیبرپختونخوا کے باسی اپنی پولیس پر فخر کرتے ہیں، فیصل کریم کنڈی

صوبہ کے عوام اپنے محسن بیٹوں کو نہیں بھولے ان کا مشن جاری رہے گا، گور نر کے پی کے

پیر 4 اگست 2025 20:18

خیبرپختونخوا کے باسی اپنی پولیس پر فخر کرتے ہیں، فیصل کریم کنڈی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2025ء)یوم شہدائے پولیس کے حوالہ سے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے باسی اپنی پولیس پر فخر کرتے ہیں جسکے شہداء نے اس وطن اور عوام کی حفاظت کے لیئے جانوں کے نذرانے پیش کیئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی شہیدوں کی جماعت ہے ہمارے بانی قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے اس دھرتی کی خاطر شہادت قبول کی ، شہید بھٹو کے مشن پر ہزاروں کارکن قربان ہوئے اور اس ملک کے نظریاتی اور جغرافیائی تحفظ کے لیئے شہداء لاڑکانہ کے مشن کے وارث چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اپنے والد صدر آصف علی زرداری کے پاکستان کھپے نعرہ کے تحت سرگرم عمل ہیں ، انہوں نے کہا کہ شہدائے پولیس کے ورثاء کو ہم یقین دلاتے ہیں کہ صوبہ کے عوام اپنے محسن بیٹوں کو نہیں بھولے ان کا مشن جاری رہے گا انہوں نے کہا کہ آپریشن بنیان المرصوص معرکہ حق میں ہماری افواج نے اس دھرتی کا سرفخر سے بلند کیا ہم سرحدوں اور عوام کی حفاظت کے لیئے افواج پاکستان کو سلام پیش کرتے ہیں۔