5اگست یومِ استحصال مسلم کانفرنس کے زیرِ اہتمام دھیر کوٹ میں عظیم الشان ریلی کا انعقاد، سردار عتیق احمد خان قی ادت کریں گے

پیر 4 اگست 2025 17:08

دھیرکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2025ء) مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے اور 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اور غاصبانہ اقدامات کے خلاف آزاد جموں و کشمیر بھر میں یومِ استحصال بھرپور انداز میں منایا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں آزاد کشمیر کی قدیم و مقبول سیاسی جماعت مسلم کانفرنس کے زیر اہتمام دھیر کوٹ میں ایک بڑی ریلی کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس کی قیادت سابق وزیراعظم و صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان خود کریں گے۔

مسلم کانفرنس کے ترجمان کے مطابق ریلی کی تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ عوامی شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے مقامی رہنماؤں، کارکنوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کو متحرک کر دیا گیا ہے۔اس موقع پر سردار عتیق احمد خان مظلوم کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کریں گے اور بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دنیا کو پیغام دیں گے کہ کشمیری عوام آج بھی بھارت کے غاصبانہ قبضے کو تسلیم نہیں کرتے۔

(جاری ہے)

مزید برآں، صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان کی خصوصی ہدایت پر آزاد کشمیر کے تمام اضلاع میں یومِ استحصال کے حوالے سے تقاریب، سیمینارز اور ریلیوں کا اہتمام کیا جا رہا ہے، جن میں بھارت کے مظالم کو بے نقاب کیا جائے گا اور عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کی کوشش کی جائے گی۔مسلم کانفرنس کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ 5 اگست 2019 کا دن کشمیری تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے، جسے کسی صورت فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ اس دن کو ہر سال یومِ استحصال کے طور پر منانا ہماری قومی، سیاسی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔