سپریم کور ٹ نے ڈیلی ویجز ملازمین سے متعلق سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سندھ حکومت کی اپیل نمٹادی

پیر 4 اگست 2025 17:49

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2025ء)سپریم کور ٹ نے ڈیلی ویجز ملازمین سے متعلق سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سندھ حکومت کی اپیل نمٹادی ۔سپریم کورٹ میں سندھ ہائیکورٹ کے احکامات کیخلاف سندھ حکومت کی اپیل کی سماعت ہوئی۔ سرکاری وکیل نے موقف دیا کہ دیہاڑی دار ملازمین کو ریگولیرائزیشن قوانین کے تحت مستقل نہیں کیا جاسکتا۔

یہ ملازمین ڈیلی ویجز پر تھے۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس آف پاکستان نے ریمارکس میں کہا کہ درخواست گزاروں نے اپنی درخواست میں کوئی غلط بیانی نہیں کی۔ آپ کو عدالتی آرڈر اسی وقت چیلنج کرنا چاہیئے تھا۔ جسٹس محمد شفیع صدیقی نے ریمارکس دیئے کہ آپ یہاں اپنی پہلی غلطی سدھارنا چاہتے ہیں چیف جسٹس آف پاکستان نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آپ ہم سے کیا چاہتے ہیں سرکاری وکیل نے موقف دیا کہ ہم چاہتے ہیں ریگولیرائزیشن سے متعلق احکامات کو تقرری سے تبدیل کردیا جائے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپ نے مستقلی کا آرڈر چیلنج ہی نہیں کیا ہے۔ عدالت نے سندھ حکومت کی اپیل نمٹادی۔