شہداء ہمارے ہیرو ،قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں،ہمایوں خان

حکومت پولیس شہداء کے ورثاء کی فلاح و بہبود ترجیح بنائے،اہل خانہ کو مکمل تحفظ، تعلیم و روزگار فراہم کیا جائے،رہنماء پیپلز پارٹی

پیر 4 اگست 2025 20:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2025ء)سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی محمد ہمایوں خان نے پولیس شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء ہمارے قومی ہیرو ہیں، جن کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔ جاری بیان میں ہمایوں خان نے کہا کہ ہم پولیس کے اٴْن جانباز سپاہیوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے ملک میں امن و امان کے قیام اور عوام کی حفاظت کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پولیس فورس نے دہشتگردی، بدامنی اور جرائم کے خلاف اپنی جانیں قربان کرکے قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے، ان شہداء کے اہلِ خانہ کی قربانیوں کو بھی سلام ہے جنہوں نے اپنے پیاروں کو وطن پر قربان ہوتے دیکھا مگر حوصلہ نہ ہارا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس فورس نے دہشتگردی اور بدامنی کے خلاف فرنٹ لائن پر جنگ لڑی،حکومت پولیس شہداء کے ورثاء کی فلاح و بہبود کو ترجیح بنائے۔انہوں نے کہا کہ شہداء کے اہل خانہ کو مکمل تحفظ، تعلیم و روزگار فراہم کیا جائے، پیپلز پارٹی شہداء کے مشن کو ہمیشہ زندہ رکھے گی۔