ہر شہید پولیس اہلکار قوم کا فخر ، ان کی قربانی ہماری آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے، آفتاب خان شیرپائو

پیر 4 اگست 2025 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2025ء) قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب خان شیرپائو نے کہا ہے کہ ہر شہید پولیس اہلکار قوم کا فخر ہے جس کی قربانی ہماری آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے۔پیر کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج ہم ایک بار پھر بھاری دل سے یوم شہداء پولیس نہایت عقیدت اور احترام کے ساتھ منا رہے ہیں، یہ دن ہمیں اس عظیم اور بہادر پولیس آفیسر صفوت غیور شہید کی قربانی کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے اسی دن لازوال جرات، باکمال قیادت اور بے لوث عزم کی مثال قائم کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے اور آج بھی دہشت گردی ایک مسلسل خطرہ بنی ہوئی ہے، ہماری پولیس فورس اس جنگ کی فرنٹ لائن پر ڈٹ کرخطرات کا سامنا کر رہی ہے اور بہادری سے شہادت کو گلے لگا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہر شہید پولیس اہلکار قوم کا فخر ہے جس کی قربانی ہماری آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے،ہم ان ہیروز کو دل سے خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، ان کی جرات کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا اور ان کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔ اللہ تعالیٰ ہمارے تمام شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے اہل خانہ کو صبر اور حوصلہ دے، آمین۔