ڈی جی خان پولیس کی کارروائی، انتہائی مطلوب دہشت گرد بلال کھوسہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ہلاک

پیر 4 اگست 2025 22:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2025ء) پنجاب پولیس ڈیرہ غازی خان نے ایک کامیاب کارروائی کے دوران دہشت گردی، پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ اور سنگین جرائم میں ملوث انتہائی مطلوب دہشت گرد بلال کھوسہ کو فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک کردیا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ڈیرہ غازی خان پولیس تھانہ کالا کی حدود، سیمنٹ فیکٹری روڈ موضع چک لادن کے قریب رات گئے معمول کی گشت پر تھی تو جھاڑیوں میں چھپے نامعلوم مسلح افراد نے پولیس موبائل پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔

پولیس نے بہترین حکمت عملی سے محفوظ پوزیشنز لیتے ہوئے جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک حملہ آور مارا گیا جس کی شناخت بلال عرف بشیر کے نام سے ہوئی۔

(جاری ہے)

دہشت گرد کے دیگر ساتھی پسپا ہو کر فرار ہوگئے جن کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ ہلاک ہونے والا ملزم اقدامِ قتل، ڈکیتی، راہزنی، دہشت گردی اور دوہرے قتل جیسے کئی سنگین مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔

ملزم سی ٹی ڈی کو بھی مطلوب تھا اور دو مقدمات میں باقاعدہ نامزد تھا۔ انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق بلال کھوسہ کا تعلق دہشت گرد تنظیم ٹی ٹی پی (فتنہ الخوارج) سے تھا۔ ہلاک دہشت گرد ریاستی اداروں کے خلاف منظم کارروائیوں میں ملوث اور ڈیرہ غازی خان میں بدامنی پھیلانے کے عزائم رکھتا تھا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے خوارجی دہشت گرد کو جہنم واصل کرنے پر ڈیرہ غازی خان پولیس کو شاباش دی ہے۔