گلگت بلتستان بھر میں یومِ استحصال کشمیر بھرپور طریقے سے منایا گیا، گورنر سید مہدی شاہ کی خصوصی شرکت

منگل 5 اگست 2025 16:16

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) ملک بھر کی طرح گلگت بلتستان میں بھی یومِ استحصال کشمیر بھرپور قومی جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر تمام اضلاع میں جلسے، جلوس، ریلیاں اور مذمتی تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جن کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کرنا اور کشمیری بھائیوں سے یکجہتی کا اظہار تھا۔

اسی سلسلے میں گلگت شہر کے معروف تعلیمی ادارے سرسید بوائز ہائی سکول میں ایک اہم تقریب منعقد ہوئی، جس میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد، طلبہ، اساتذہ اور عمائدین نے شرکت کی۔ مقررین نے اپنے خطاب میں بھارت کی جانب سے مقبوضہ وادی کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے غیر قانونی اقدام اور اس کے بعد جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

(جاری ہے)

مقررین نے عالمی برادری، اقوامِ متحدہ، انسانی حقوق کی تنظیموں اور دنیا کے بااثر ممالک سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لیں اور کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دلوانے میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔تقریب کے بعد ایک پُرامن ریلی کا انعقاد کیا گیا، جو سرسید بوائز ہائی سکول سے شروع ہو کر اتحاد چوک گلگت پر اختتام پذیر ہوئی۔

اس ریلی میں گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے خصوصی شرکت کی۔ اس کے علاوہ سرکاری و نجی اداروں کے نمائندے، سیاسی کارکن، طلبہ اور شہری بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔ شرکاء نے ہاتھوں میں کشمیر کے جھنڈے، بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارتی مظالم کے خلاف نعرے درج تھے۔اتحاد چوک پہنچنے پر ریلی نے جلسے کی شکل اختیار کر لی، جہاں مقررین نے ایک بار پھر بھارت کی ریاستی جارحیت کو بے نقاب کیا۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے کہا کہ "5 اگست وہ المناک دن ہے جب بھارت نے اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی۔ ہم آج کے دن کشمیری عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ کشمیر کی آزادی تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، اور گلگت بلتستان کے غیور عوام کشمیری بھائیوں کے ساتھ قدم بہ قدم کھڑے ہیں۔ "ہم اقوامِ عالم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بھارتی مظالم کو بند کروانے کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔"ریلی اور تقریب کا اختتام کشمیری عوام کے لیے دعا اور آزادی کے عزم کی تجدید پر ہوا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کے معاون خصوصی برائے اطلاعات ایمان شاہ نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم بھارتی مظالم اور بربریت کے خلاف اپنے کشمیری بہن اور بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم اس وقت تک مسئلہ کشمیر کو دنیا کے ہر فورم پر اجاگر کرتےرہے گے جب تک بھارت اپنے مظالم ترک نہیں کر دیتا اور کشمیریوں کو انکا حق خودارادیت نہیں مل جاتا ۔