پرامن سیاسی احتجاج ہر ایک کا حق ہے ،یہاں سے جتھوں کو جا کر اڈیالہ حملہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، طلال چوہدری

منگل 5 اگست 2025 17:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ پرامن سیاسی احتجاج ہر ایک کا حق ہے،ہمدردی لینے کے لئے بانی پی ٹی آئی کے بچوں کا سہارا لیا گیاہے،ہمیں کسی کو گرفتار کرنے کا کوئی شوق نہیں ہیں،یہاں سے جتھوں کو جا کر اڈیالہ حملہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، بانی پی ٹی آئی کہہ رہے ہیں اگر وزیر اعلیٰ نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی تو انہیں فارغ کر دیا جائے گا۔

منگل کو قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ پرامن احتجاج ہر ایک کا حق ہے، آئین میں احتجاج کی چند شرائط کے ساتھ اجازت ہے،اسلام آباد کے ڈی سی آفس کو احتجاج کے حوالے سے ایک درخواست موصول ہوئی،اس درخواست کو ان کی قیادت کی جانب سے بے یار و مددگار چھوڑ دیا گیا،یہ سب کچھ سیاسی سٹنٹ کے طور پر کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ ہمدردی لینے کے لئے بانی پی ٹی آئی کے بچوں کا سہارا لیا گیا،اگر بچے والد سے ملنا چاہتے تو ان کو دو سال میں ویزا نہیں مل سکتا تھا؟ طلال چوہدری نے کہا کہ جعفر ایکسپریس کے بعد سکیورٹی بریفنگ اور آئی ایم ایف معاہدے کے وقت ان کو احتجاج یاد آتا ہے،ہمیں کسی کو گرفتار کرنے کا کوئی شوق نہیں ہے،یہاں سے جتھوں کو جا کر اڈیالہ حملہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ باجوڑ میں کوئی نیا آپریشن نہیں ہو گا،سکیورٹی فورسز لڑ رہی ہیں، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی سیاسی فورسز کہاں ہیں؟ طلال چوہدری نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں سیاسی قیادت کمپرومائزڈ ہے، بانی پی ٹی آئی کہہ رہے ہیں اگر وزیر اعلیٰ نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی تو انہیں فارغ کر دیا جائے گا۔