ترکیہ کی برآمدات جولائی میں25 ارب ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں

ہم نے اس جولائی میں نہ صرف ملکی تاریخ کی سب سے بڑی ماہانہ برآمدات حاصل کیں،وزیرتجارت

منگل 5 اگست 2025 18:35

آستانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2025ء)ترکیہ کی رواں سال جولائی میں برآمدات 25 ارب ڈالر کی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔ عرب ٹی وی کے مطابق ترکیہ کے وزیر تجارت عمر بولات نے سامسون میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ملک نے جولائی 2025 کے دوران 25 ارب ڈالر کی برآمدات کے ساتھ ملکی تاریخ کا نیا ماہانہ ریکارڈ قائم کیا ہے۔

ترک وزیر تجارت نے کہا کہ ہم نے اس جولائی میں نہ صرف ملکی تاریخ کی سب سے بڑی ماہانہ برآمدات حاصل کی ہیں بلکہ گزشتہ 12 ماہ کی مجموعی برآمدات کا حجم بھی ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ برآمدات میں اضافے کے ساتھ ساتھ جولائی میں درآمدات کی ماہانہ رفتار میں کمی اور تجارتی خسارے میں نمایاں کمی بھی ریکارڈ کی گئی ہے جو گزشتہ سال جولائی اور جون کے مقابلے میں بہتری کی علامت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ برآمدات اور درآمدات کے درمیان کوریج کا تناسب بھی بہتر ہوا ہے۔عمر بولات نے کہا کہ ہم اس مہینے کو تاریخی مہینہ قرار دیتے ہیں جس میں 6اہم کامیابیاں ایک ساتھ حاصل ہوئی ہیں، جولائی 2024 کے 22.5 ارب ڈالر کے مقابلے میں رواں سال جولائی میں برآمدات 2.5 ارب ڈالر یا 11 فیصد اضافے کے ساتھ 25 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں جس نے ہماری 12 ماہ کی مجموعی برآمدات میں بھی 2.5 ارب ڈالر کا اضافہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ جولائی میں برآمدات جون کے مقابلے میں 4.5 ارب ڈالر زیادہ رہیں، اگلا ہدف ماہانہ برآمدات کو 26 ارب ڈالر تک پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری غیر معمولی کوششیں معیشت کو متوازن اور مستحکم کرنے کے عمل کو تقویت دے رہی ہیں۔وزیر تجارت کے مطابق جولائی میں درآمدات میں 5.4 فیصد اضافہ ہوا جس کی مالیت 31.4 ارب ڈالر رہی تاہم انہوں نے اسے مستحکم اور مناسب سطح قرار دیا۔

جولائی 2025 میں تجارتی خسارہ کم ہو کر 6.4 ارب ڈالر رہ گیا، جو گزشتہ سال جولائی کے 7.3 ارب ڈالر کے مقابلے میں 12 فیصد کم ہے اور گزشتہ نو ماہ کا سب سے کم تجارتی خسارہ ہے۔انہوں نے خدمات کی برآمدات پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ نے اس شعبہ میں 2023 میں 106 ارب ڈالر، 2024 میں 115 ارب ڈالر حاصل کیے اور 2025 کا ہدف 121 ارب ڈالر مقرر کیا گیا ہے۔عمر بولات نے عالمی سطح پر جاری تجارتی جنگ، محصولات کے تنازعات، توانائی اور سونے سمیت اشیائے صرف کی قیمتوں میں اتار چڑھا کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان حالات کے باوجود ترکیہ کثیرالجہتی، دو طرفہ، علاقائی اور عالمی معاہدوں کے ذریعے اپنی تجارتی سفارت کاری جاری رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے یورپی کمیشن کے ساتھ مثبت پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ 14 تجارتی رکاوٹیں ختم کر دی گئی ہیں جبکہ 9 تا 10 باقی ہیں۔ یورپی یونین کے ساتھ کسٹمز یونین کو جدید بنانے کے ہدف کا اعادہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تعمیری مذاکرات کے نتیجے میں ایک ہدایت جاری کی گئی ہے جس کے تحت ان ترک شہریوں کو طویل المدتی ویزے دیے جائیں گے جنہوں نے یورپی یونین کا باقاعدگی سے سفر کیا اور واپسی بھی کی۔