اسلامیہ یونیورسٹی میں یوم استحصال کشمیر کے موقع پر ریلی

منگل 5 اگست 2025 22:51

بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے عباسیہ کیمپس میں یوم استحصال کشمیر کے موقع پر ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں اساتذہ ، ملازمین اور طلباوطالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم 5 اگست 2019 کے بھارت کے غیر آئینی اور جابرانہ قانون کے خلاف سراپا احتجاج ہیں، آرٹیکل 370کی منسوخی اقوام متحدہ کی حق خودارادیت کی قراردادوں اور پاک بھارت باہمی معاہدوں کے خلاف اقدام ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے جبروتشدد پر مبنی اس اقدام کو رد کر دیا ہے، آج کا دن کشمیریوں سے ہمدردی اور یکجہتی کا دن ہے، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی جانب سے اس سلسلے میں خصوصی تقریبات کا انعقاد اور طلبا وطالبات کا جوش و خروش خوش آئند ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کوئی شخص اپنی شہ رگ دشمن کے حوالے نہیں کرتا، 5اگست2019 کو بھارت نے جن آرٹیکلز کو ختم کرکے کشمیر میں اکثریت منتقل کرنے کی ناپاک جسارت کی ہے وہ اس میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی سرکارنے زبردستی غیر مقامی آبادی کو کشمیر میں منتقل کرکے مقامی آبادی کو اقلیت میں بدلنے کی کوشش کی جس کی وجہ سے وہاں بہت زیادہ بدامنی ہو گئی ہے لیکن ان تمام مظالم کے باوجود کشمیریوں کا جذبہ حریت و آزادی ختم نہ کیا جاسکا، بھارت کی مودی سرکاردراصل کشمیر یوں کی اکثریت کواقلیت میں بدلنے اور بھارتی شہریوں کو وہاں جائیداد خریدنے اور بیچنے اور ووٹ ڈالنے کا حق دینے کا مقصد وہاں مستقبل میں بھارتی شہریوں کو کشمیریوں پر مسلط کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے جذبہ حریت و آزادی کو سلام کرتے ہیں، انشاء اللہ کشمیری ضرور ایک دن بھارتی جبروتشدد سے آزادی حاصل کریں گے۔