چیئرمین سینیٹ کی مشیر مصباح کھر کی روانڈا کے سفیر سے ملاقات ، انٹر پارلیمانی سپیکرز کانفرنس کے لئے باضابطہ دعوت نامہ پیش

منگل 5 اگست 2025 22:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) چیئرمین سینیٹ کی مشیر مصباح کھر نے روانڈا کی سفیر سےاہم ملاقات کی اور پاکستان میں منعقد ہونے والی انٹر پارلیمانی اسپیکرز کانفرنس (آئی ایس سی ) کے لئے باضابطہ دعوت نامہ پیش کیا۔ ملاقات کے دوران سینئر ڈائریکٹر جنرل پروٹوکول طارق بن وحید بھی ان کے ہمراہ تھے۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق انٹر پارلیمانی اسپیکرز کانفرنس (آئی ایس سی ) ایک نئی بین الحکومتی، بین الپارلیمانی اور کثیرالملکی پلیٹ فارم ہے جس کا مقصد دنیا بھر کے پارلیمانی قائدین کے مابین بامعنی مکالمے کو فروغ دینا ہے۔

یہ فورم عالمی اتحاد، امن اور خوشحالی کے مشترکہ وژن پر مبنی ہے اور موسمیاتی بحران، پانی و توانائی کے تحفظ اور بین الپارلیمانی تعاون جیسے اہم عالمی چیلنجز پر مل کر کام کرنے کے مواقع فراہم کرے گا۔

(جاری ہے)

اس کانفرنس کا پہلا اجلاس 11 تا 12 نومبر 2025ء کو اسلام آباد میں منعقد ہوگا جس میں دنیا بھر سے پارلیمانوں کے سپیکرز اور پریذائیڈنگ آفیسرز شرکت کریں گے۔

ملاقات کے دوران مصباح کھر نے روانڈا کی شرکت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ تاریخی موقع عالمی پارلیمانی سفارتکاری کو فروغ دینے میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس اہم بین الاقوامی ایونٹ کی میزبانی پر فخر ہے اور وہ دنیا بھر سے معزز مندوبین کو خوش آمدید کہنے کے لئے پُرعزم ہے تاکہ عالمی امن، تعاون اور مساوات پر مبنی مستقبل کے لئے مشترکہ کوششوں کو فروغ دیا جا سکے۔