ڈائریکٹر یوتھ آفیئز خیبرپختونخوا ڈاکٹر نعمان مجاہد کا کشمیری نوجوانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار

منگل 5 اگست 2025 20:35

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2025ء)ڈائریکٹر یوتھ آفیئز خیبرپختونخوا ڈاکٹر نعمان مجاہد نے کشمیری نوجوانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے صوبے کے نوجوانوں سے کشمیر کی آواز بننے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے نوجوان مقبوضہ جموں و کشمیر کے نوجوانوں کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور ان کے درد، جدوجہد اور مظالم کو اپنا درد سمجھتے ہیں۔

ڈاکٹر نعمان مجاہد نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ بھارتی قابض افواج کی جانب سے کشمیری نوجوانوں کی آواز دبانے اور آزادی سلب کرنے کے فسطائی ہتھکنڈے ناقابل قبول ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ بھارت کا جھوٹا بیانیہ اور طاقت کا مصنوعی تاثر اب دنیا پر آشکار ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سوشل میڈیا کے ذریعے کشمیر کے مظلوم عوام کی آواز بنیں اور کشمیر_بنی_گا_پاکستان جیسے ہیش ٹیگز کے ذریعے دنیا کو حقائق سے آگاہ کریں۔

ڈائریکٹر یوتھ افیئرز نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ علمی اور قانونی سطح پر بھی کشمیر کی جدوجہد میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان تعلیمی اداروں، سماجی محفلوں اور بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر کشمیر کے حق میں آواز اٹھائیں اور تحقیقی مضامین، سیمینارز اور مہمات کے ذریعے اس مسئلے کو اجاگر کریں۔ڈاکٹر نعمان مجاہد نے واضح کیا کہ کشمیر کے نوجوانوں کو آزادی، وقار اور حق خودارادیت کا پورا حق حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کا مقدمہ ہمارا مقدمہ ہے اور ان کی جدوجہد ہماری جدوجہد ہے۔ انہوں نے عہد کیا کہ خیبرپختونخوا کے نوجوان کشمیری عوام کے ساتھ اس وقت تک کھڑے رہیں گے جب تک انہیں انصاف نہیں ملتا اور ان کے حقوق بحال نہیں ہوتے۔