کشمیر پاکستان کی شہ رگ ،پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہر قیمت پر کھڑی رہے گی، وزیر اعلیٰ بلوچستان

منگل 5 اگست 2025 22:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 5 اگست 2019 کا دن کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، جب بھارت نے یکطرفہ اور غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کو ختم کر کے کشمیریوں کے بنیادی حقوق پر غاصبانہ قبضہ کیا ۔

منگل کو سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کی حکومت کا یہ یکطرفہ اقدام نہ صرف اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے بلکہ عالمی انسانی حقوق کی پامالی کا منہ بولتا ثبوت بھی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں جاری لاک ڈاؤن، اظہارِ رائے پر پابندی اور معصوم شہریوں پر ظلم و بربریت پوری عالمی برادری کے ضمیر کو جھنجوڑنے کے لیے کافی ہیں ،وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کشمیریوں کی حقِ خودارادیت کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ،انہوں نے کہا کہ آج 5 اگست کو پورے بلوچستان میں کشمیری بھائیوں کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا جا رہا ہے اور ہر دل کشمیری عوام کے دکھ میں برابر کا شریک ہے ،میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت ہر فورم پر جاری رکھے گا اور مظلوم کشمیریوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف ہر سطح پر آواز بلند کرتی رہے گی اور عالمی ضمیر کو بیدار کرنے کی کوشش جاری رکھے گی ،انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ وقت دور نہیں جب کشمیری عوام کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور انہیں آزادی کا سورج نصیب ہوگا ،انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہر قیمت پر کھڑی رہے گی۔